• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حیات آباد پولیس نے افغان مہاجرین کو ہدف بناکر لوٹنے والے گینگ کو بے نقاب کردیا

پشاور(کرائمرپورٹر)تھانہ حیات آباد پولیس نے افغان باشندوں کے انخلاءکےخلاف آپریشن کی آڑ میں افغان مہاجرین کو ہدف بناکر لوٹنے والے گینگ کو بے نقاب کرلیا جو خود کو حساس اداروں کا سرکاری اہلکار ظاہر کرکے علاج معالجے کی غرض سے پشاور کے ہسپتالوں کو آنے والے غیرملکی اوران کی خواتین سے رقم ، موبائل فونز اور دیگر اشیاءکی لوٹ مار میں ملوث ہیں ،گینگ سے 19 لاکھ سے زائدکی ملکی و غیر ملکی کرنسی برآمدکرلی گئی ۔ گزشتہ روز اے ایس پی حیات آباد محمد جنید کھرل نے ایس ایچ او کامران مروت کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران بتایاکہ عوامی شکایات اور غیر ملکی شہریوں سے رقم و موبائل فونز وغیرہ لوٹنے کی رپورٹس پر خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی جس نے سی سی ٹی وی کیمروں اور سائنسی خطوط پر تفتیش کے دوران گروہ کا سراغ لگا کر گرفتار کیا جن میں عبد الخلیل سکنہ آبشار کالونی، شمس الرحمان سکنہ تہکال پایان اور فاروق سکنہ واپڈا ٹاو¿ن شامل ہیں۔ملزمان حیات آباد کے پوش علاقوں میں کینسر کی مریضہ واس کے بیٹے سمیت دیگر سادہ لوح غیرملکی شہریوں کو گاڑی میں بٹھاتے اورانہیں ڈرا دھمکاتے کہ وہ غیرقانونی طریقے سے داخل ہوئے اور ان کا پا سپو رٹ، ویزہ ودیگر دستاویزات جعلی ہیں اور آپ لوگ جاسوسی کیلئے آئے ہیں۔ اے ایس پی نے بتایاکہ ان واقعات کے حوالے سے افغان شہری محمد صلح اور تواب الرحمن نے رپورٹس کیں ،یہ گروہ رینٹ اے کار کی گاڑیوں میں وارداتیں کرتا جبکہ 2ملزمان پیدل جاکرایسے افراد کو ٹارگٹ کرتے جو حیات آباد کے شوکت خانم ودیگر ہسپتالوں میں علاج کیلئے آتے ۔ گینگ کافی عرصہ سے وارداتوں میں ملوث تھا جسے پکڑنے کیلئے وارداتوں میں استعمال ہونےوالی گاڑیوں کو بھی ٹریس کیاگیا،اے ایس پی نے مزید بتایاکہ ملزمان عادی مجرم ہیں جن کے خلاف جعلسازی و بھتہ خوری سمیت اسلام آباد میں 17ایسے مقدمات درج ہیں اور تین مقدمات میں وہ اشتہاری تھے تاہم وہ ضمانتوں پر جیلوں سے نکل آتے تھے۔ ملزمان اسلام آباد میںبھی الشفاءودیگر ہسپتالوں کے قریب افغان باشندوں کو نشانہ بناتے جن کے قبضے سے 500 امریکی ڈالر، 1300 درہم، 28 ہزار افغانی کرنسی اور 16 لاکھ 10 ہزار پاکستانی روپے برآمد کرلی گئے ۔انہوں نے بتایاکہ جن مدعیان نے رپورٹ کی انہیں مسروقہ رقم حوالے کی جائیگی جبکہ دیگرمتاثرہ افراد کوبھی ڈھونڈکر انہیں مسروقہ رقم وسامان حوالہ کرینگے۔ دوملزمان سے تفتیش مکمل ہونے پر جیل منتقل جبکہ تیسرے ملزم سے تفتیش جاری ہے ۔
پشاور سے مزید