کورونا کی موجودہ لہر حلق اور سانس کی نالیوں کو متاثر کر نے لگی

January 21, 2022

اسلام آباد (طاہر خلیل، نمائندہ خصوصی) پھیپھڑوں کے امراض کے معالج ڈاکٹر شاذلی منظور کا کہنا ہےکہ ماضی کے مقابلے میں کورونا کا موجودہ پھیلاؤ بہت وسیع ہے ، انہوں نے کہاکہ کورونا اور اسکے بعد ڈیلٹا کے مریضوں کے پھیپھڑے متاثر ہونے کی وجہ سے اسکی شدت سنگین تھی جبکہ موجودہ کورونا کی لہر کی شدت کم مگر تیزی سے پھیلائو ( سپر سپریڈ ) کی صلاحیت ہے۔ کورونا کی موجودہ لہر حلق اور سانس کی نالیوں کو متاثر کرتی ہے جس سے نزلہ ، کھانسی ،فلو اور سردر میں اضافہ ہوتا ہے ،لیکن اس سے پھیپھڑے زیادہ متاثر نہیں ہوتے اس لیے 5-6 دن میں تیزی سے اضافہ ہو جا تا ہے ، موجودہ کورونا کے پھیلاؤ کی وجہ سے پوری فیملیز متاثر ہو رہی ہیں جن میں بچے بھی شامل ہیں ، سکول جانے والے بچوں میں یہ مرض بڑھ رہا ہے ۔ ڈاکٹر شاذلی منظور نے لوگوں سے کہا کہ جن لوگوں نے ایک ڈوز لگوائی وہ دوسری بھی لگوائیں اور بزرگ شہری بوسٹر ڈوز لگوائیں ، ویکسی نیشن میں کوتاہی نہ کریں ۔ ٹھنڈے اور ترش مشروبات چیزوں اور سینے میں جم جانے والی اشیا کا کھانے میں استعمال نہ کریں۔کورونا سے بچاؤکیلئے سخت احتیاط کریں اور تمام ایس اوپیز پر عمل کریں ، دفاتر بسوں گاڑیوں اور اجتماعات میں سماجی فاصلہ رکھیں ، ماسک لگائیں اور سینیٹائزر استعمال کریں۔