چوری،ڈکیتی کی بڑھتی وارداتوں کیخلاف تاجروں کا احتجاجی مظاہرہ

January 21, 2022

ملتان (سٹاف رپورٹر) چوری اور ڈکیتی کی بڑھتی ہوئی وارداتوں،سٹریٹ کرائم کے خلاف انجمن تاجران سورج میانی عثمانیہ بازار فاروق اعظم روڈ کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین نے ٹائر جلا کر روڈ بلاک کردیا، مظاہرین نے بینرز اٹھا رکھے تھے۔ پرویز اقبال ودیگر نے کہاکہ ڈکیتی وچوری کی وارداتیں معمول بن چکی ہیں،پولیس ان کو کنٹرول کرنے میں ناکام ہوچکی ہے، آئے روز دکانوں میںگھس کر دن دہاڑے چور،ڈاکو انہیں لوٹ لیتے ہیں جبکہ رات کو دکانوں کے تالے توڑ کر وارداتیں ہورہی ہیں، آئے روز غنڈہ عناصر کی فائرنگ سے تاجر عدم تحفظ کا شکار ہیں، روزانہ درجنوں ڈکیتی وچوری کی وارداتیں ہوتی ہیں،شہر میں عملاً چور،ڈاکو راج قائم ہوچکا ہے۔ تاجروں کا کہنا تھا کہ اگر پولیس تاجروں و شہریوں کو تحفظ نہیں دے سکتی، تو وزیراعظم، وزیراعلیٰ اور آئی جی پنجاب سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ ملتان شہرکو رینجرز کے حوالے کردیں، تاکہ امن وامان کا قیام ممکن ہوسکے ۔