ملتان (سٹاف رپورٹر) گلبرگ ہاؤسنگ سکیم ملتان و ڈی جی خان اربوں روپے فراڈ سکینڈل میں بڑی پیش رفت،عوام کے ساتھ فراڈ میں ملوث ملزمان کے کروڑوں روپے کے اثاثے منجمد، ذرائع کے مطابق ڈائریکٹر جنرل نیب ملتان نے گلبرگ ایگزیکٹیو ہاؤسنگ سکیم ملتان و ڈی جی خان کے متاثرین کی داد رسی کیلئے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملزمان غلام اصغر گورمانی و دیگر کے کروڑوں روپے مالیت کے اثاثہ جات منجمد کر کے توثیق کیلئے احتساب عدالت ملتان بھجوائے، احتساب عدالت نے گزشتہ سماعتوں پر ملزمان کو اعتراضات جمع کروانے کیلئے نوٹس کیے،ملزمان کو دی گئی مہلت ،اعتراضات کی وصولی اور دونوں جانب کے وکلا کے دلائل سننے کے بعد معزز عدالت نے نیب ملتان کے اقدامات کی توثیق کرتے ہوئے ملزمان کے اثاثہ جات کے انجماد کو درست اور قانون کے مطابق قرار دیا،مستقبل قریب میں ملزمان کے مزید اثاثہ جات کو بھی منجمد کیے جانے کا امکان ہے۔