ہاکرز اخباری صنعت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں،ڈی جی تعلقات عامہ

January 22, 2022

کوئٹہ(خ ن)ڈائریکٹر جنرل تعلقات عامہ اورنگ زیب کاسی نے کہا کہ اخبار فروشان (ہاکرز) اخبار کی صنعت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں جبکہ اس صنعت سے وابستہ ہاکرز کے مسائل کا ادراک ہے اور موجودہ حکومت وزیر اعلٰی بلوچستان میر قدوس بزنجو اور پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات محترمہ بشریٰ رند اور چیف سیکرٹری بلوچستان مطہر نیاز رانا کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں میڈیا انڈسٹری سے وابستہ افرادی قوت کے مسائل کو ہر سطح پر حل کیا جائے گا۔ اس امر کا اظہار انہوں نے بلوچستان کی واحد اخبار فروشان مارکیٹ کا دورہ کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر انہوں نے اخبارات کی ترسیل کے ممکنہ مراحل، ہاکرز کے کام کی نوعیت اور تمام دفتری امور سے متعلق آگاہی حاصل کی۔ اس موقع پر انہیں ہاکرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے صدر عبدالنبی اور دیگر کابینہ اراکین نے اخبار فروشان مارکیٹ کا تفصیلی دورہ کروایا ہاکرز کے صدر نے ڈائریکٹر جنرل تعلقات عامہ اورنگ زیب کاسی کے دورہ کی تعریف کی اور کہا کہ ہاکرز طبقہ انتہائی کسمپرسی کے ساتھ اخبارات کی ترسیل کو پورے بلوچستان میں محدود وسائل کے اندر رہتے ہوئے بروقت ہر گھر تک پہنچاتے ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل تعلقات عامہ اورنگ زیب کاسی نے ہاکرز کے اقدامات کو سراہا اور بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔