کشمیر فورم کے سردار شفیق احمد کی میئر وٹفورڈ سے ملاقات

January 24, 2022

وٹفورڈ (نمائندہ جنگ) کشمیر فورم وٹفورڈ کے چیئرمین سردار شفیق احمد خان نے باروکونسل وٹفورڈ کے میئر پیٹر ٹیلر سے بی بی سی چینلز پر برطانیہ میں آباد کشمیر یوں کو نمائندگی دینے اور مقبوضہ کشمیر کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر گفتگو کی۔سردار شفیق احمد خان نےمیڈیا کو اس حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ میئر وٹفورڈ نے یقین دلایا ہے کہ وہ بی بی سی کے ڈائریکٹر کو باقاعدہ خط لکھیں گے اور ڈائریکٹر بی بی سی سے اس حوالے سے گفتگو کیلئے الگ سے وقت لیں گے ۔ میئر وٹفورڈ پیٹر ٹیلر نے کہا یہ مطالبہ جائز ہے اور وہ اس کی حمایت کرتے ہیں۔ بی بی سی چینلز پر برطانیہ میں آباد کشمیر یوں کے براہ راست پروگرام دکھائے جانے چاہئیں، خصوصا مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی بے نقاب کر نے کیلئے ایسے پروگرام ضروری ہیں، بی بی سی چینلز پر بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو دکھا کر بھارتی جمہوریت کے نام نہاد دعوے کو بے نقاب کیا جائے ۔ پیٹر ٹیلر نے سردار شفیق سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ برطانیہ میں آباد لاکھوں کشمیر ی بی بی سی دیکھنے کیلئے باقاعدہ ٹی وی لائسنس فیس ادا کرتے ہیں، انہوں نے کہا ضرورت اس امر کی ہے کہ بی بی سی چینلز پر برطانیہ میں آباد کشمیر یوں کے تعلیمی، ادبی اور برطانیہ میں آباد کشمیر یوں کے پروگرام دکھائے جائیں تاکہ برطانیہ میں آباد نئی نوجوان نسل اپنی تہذیب و ثقافت سے آگاہ ہو۔ انہوں نے کہا برطانیہ میں آباد لاکھوں کشمیر ی عوام اپنے وطن کے سفیر ہیں جو بر طا نیہ کی تعمیر و ترقی اور خوشحالی میں کردار ادا کر رہے ہیں،ڈائریکٹر بی بی سی پر زمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ بی بی سی چینلز پر کشمیر یوں کے پروگرام کو بھی وقت دیں۔ سردار شفیق احمد خان نے میئر وٹفورڈ پیٹر ٹیلرکا شکریہ ادا کیا۔