عوام کی خوشحالی کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں، اشتیاق ارمڑ

January 24, 2022

پشاور ( جنگ نیوز )خیبرپختونخوا کے وزیر جنگلات و ماحولیات او رجنگلی حیات سید محمد اشتیاق ارمڑنے کہا ہے کہ ملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں اور اس راہ میں رکاوٹ بننے والی ہر کوشش ناکام بنانا پی ٹی آئی حکومت کی اولین ترجیح ہے ، عوام سے کئے گئے وعدوں کو عملی جامہ پہنانا اور ماضی کی ناانصافیوں کا ازالہ کرنا ہمارا عزم ، مشن او رمنشور ہے ۔ اپوزیشن کی مزموم عزائم سے عوام پوری طرح آگاہ ہیں اور وہ کسی صورت ان کے جانسے میں آنے وا لے نہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہو ں نے پی کے 69کے علاقہ عمائدین کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران کیا ۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران کی مدبرانہ قیادت میں ملک تیزی سے ترقی کی راہ پر گامزن ہے ۔ اشتیاق ارمڑ نے کہا کہ آج حقداروں کو ان کا حق گھر کی دہلیز پر مل رہا ہے یہی وجہ کہ مفتی طبی سہولیات سے ہر شہری مستفید ہو رہا ہے اور اس کا دائرہ کار مزید بڑھانے کے لئے اقدامات ہو رہے ہیں ۔ انہو ںنے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت میں ہر شہری کو یکساں سہولیات مل رہی ہیںاور ماضی کے برعکس ذاتی پسند و ناپسندترجیحات کو ختم کر دیا گیا ہے۔انہو ںنے کہا کہ کورونا وباء سے پوری دنیا کی معیشت متاثر ہوئی تاکہ عمران خان اور وزیر اعلیٰ محمود خان اور ان کی ٹیم کی مثبت اقدامات سے خود ساختہ معاشی بحران پر قابو پالیا گیا ہے اور ملک کی معیشت ترقی کی راہ پر گامزن ہے ۔ اشتیاق ارمڑ نے کہا کہ پی کے 69میں ترقیاتی سکیموں کے لئے فنڈز کی منصفانہ استعمال کو یقینی بنادیا گیا ہے او رحلقے کے کسی بھی یونین کونسل کی حق تلفی نہیں ہو رہی ہے ، پی ٹی آئی حکومت بے لوث خدمت پر یقین رکھتی ہے۔