پشاور(جنگ نیوز)خیبر پختونخوا کے وزیر برائے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ فضل شکور خان نے محکمہ کے متعلقہ افسران کو ہدایت کی ہے کہ صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار مزید تیز کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مفاد کے منصوبوں میں کسی قسم کی سستی یا غیر ضروری تاخیر قابلِ قبول نہیں انہوں نے واضح کیا کہ تمام سکیموں کو مقررہ وقت کے مطابق مکمل کیا جائے اور جن سکیموں کا پی سی ون ابھی تک تیار نہیں کیئے گئے انہیں فوری طور پر مکمل کیا جائے اور تمام پی سی ون اگلے ہفتے تک پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ (پی اینڈ ڈی) ڈیپارٹمنٹ میں منظوری کے لیے جمع کرائے جائیں تاکہ ترقیاتی عمل میں مزید تیزی لائی جا سکے۔ یہ ہدایات انہوں نے بدھ کے روز محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کی سکیموں سے متعلق اہم جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔ اجلاس میں چیف انجینئرز، ایکسیئنز و دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی اجلاس میں صوبہ بھر میں جاری اور مجوزہ پی ایچ ای سکیموں پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا جبکہ صوبائی وزیر کو محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کی مختلف سکیموں، بالخصوص صوبے میں جاری منصوبوں کی پیش رفت، درپیش مسائل اور آئندہ لائحہ عمل سے متعلق تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے منصوبوں کی تکمیل کی رفتار اور تکنیکی و انتظامی امور پر بھی روشنی ڈالی گئی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ عوام کو صاف اور محفوظ پینے کے پانی کی فراہمی خیبر پختونخوا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کو مؤثر، شفاف اور نتیجہ خیز اقدامات یقینی بنانے ہوں گے۔انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پوری دیانت داری اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ انجام دیں۔