• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چارسدہ قبرستان میں ڈمپنگ سائٹ، انتظامیہ کو ایک ماہ میں جگہ مختص کرنے کی ہدایت

پشاور(نیوز رپورٹر) پشاور ہائیکورٹ نے چارسدہ قبرستان میں کوڑا کرکٹ پھینکنے کے خلاف دائر درخواست پر انتظامیہ کو ایک ماہ کے اندر اندر اس کے لئے جگہ مختص کرنے کی ہدایت کردی ۔کیس کی سماعت کے دوران جسٹس قاضی جواداحسان اللہ نے ریمارکس دیئے کہ یہ انتہائی اہم مسئلہ ہے اس وجہ سے وہاں کے عوام کے لئے صحت کے مسائل پیدا ہورہے ہیں اس کے لئے انتظامات کئے جائیں تا کہ مقامی افراد کو درپیش صحت اور دیگر مسائل کو حل کیا جا سکے۔ کیس کی سماعت پشار ہائیکورٹ کے جسٹس ثابت اللہ خان اور جسٹس قاضی جواد احسان اللہ قریشی پر مشتمل دو رکنی بنچ نے کی۔ سماعت شروع ہوئی تو عدالت میں ڈپٹی کمشنر چارسدہ عظمت اللہ وزیر ،وکیل درخواست گزار اور ٹی ایم اے چارسدہ کے وکیل پیش ہوئے ۔ درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کوبتایا کہ چارسدہ کے بڑے قبرستان میں انتظامیہ پورے علاقے کی گندگی اور کوڑا کرکٹ پھینک رہی ہے اور قبرستان میں ڈمپنگ سائٹ بنایا گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ انتظامیہ چارسدہ شہر سے کوڑا کرکٹ اٹھا کر قبرستان میں ڈال رہی ہے اور گندگی کی وجہ سے بدبو پھیل گیا ہے مقامی افراد کیلئے سانس لینا مشکل ہوگیا ہے لہذا اس کے لئے کوئی اور جگہ مختص کی جائے۔اس موقع پر ٹی ایم اے کے وکیل نے عدالت کوبتایا کہ چارسدہ میں ڈمپنگ سائٹ کے لئے دیگر جگہوں کو دیکھ رہے ہیں، جیسے ہی جگہ مختص ہو جاتی ہے وہاں پر اس کو ٹھکانے لگانے کا کام شروع کردیا جائے گا جبکہ ڈپٹی کمشنر چارسدہ عظمت اللہ وزیر نے عدالت کو بتایا کہ چارسدہ کے قریب کوئی بنجر زمین نہیں ہے، تنگی میں جگہ ہے، لیکن وہ بہت دور پڑتا ہے، اور اس پر خرچ زیادہ آئے گا۔ جس پر جسٹس قاضی جواد احسان اللہ نے کہا کہ یہ انتہائی اہم مسئلہ ہے، اس کے لئے انتظامات کئے جائیں، صحت کے مسائل وہاں پر پیدا ہورہے ہیں، ہم ایک مہینے کی تاریخ دیتے ہیں، آپ جگہ کا تعین کریں، ڈی سی چارسدہ نے عدالت کو بتایا کہ ٹائم تھوڑا زیادہ دیا جائے، اس مسئلے کے حل کے لئے انتظامات کئے جائیں گے۔ عدالت نے دلائل مکمل ہونے کے بعد متعلقہ حکام کو ایک ماہ کی مہلت دیتے ہوئے کوڑا کرکٹ کے لئے جگہ مختص کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔
پشاور سے مزید