پشاور (خصوصی نامہ نگار) پشاور انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے قیام کے پانچ سال مکمل ہونے پر ہیلتھ بیٹ سے وابستہ پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے نمائندگان کے اعزاز میں ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا،۔ پی آئی سی کے چیف ایگزیکٹو اور ڈین پروفیسر ڈاکٹر شاہکار احمد شاہ نے ادارے کی پانچ سالہ کارکردگی پر ایک جامع پریزنٹیشن دی، پشاور انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کی نمایاں کامیابیوں، درپیش چیلنجوں اور مستقبل کی حکمتِ عملی پر روشنی ڈالی گئی۔ پروفیسر شاہکار احمد نے کہا کہ پی آئی سی نے قلیل عرصے میں پاکستان بھر کے دل کے مریضوں کے لئے ایک مثالی ادارے کے طور پر اپنی پہچان بنائی ہے جو صوبے کے لئے باعث فخر ہے۔ بعد ازاں ہسپتال ڈائریکٹر قاضی سعد اللہ اور میڈیکل ڈائریکٹر ڈاکٹر علی رضا نے میڈیا نمائندگان کے ہمراہ ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کا دورہ کیا، اور مریضوں کے لئے دستیاب جدید سہولیات، وارڈز، کیتھ لیب اور دیگر اہم یونٹس کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔