پشاور (خصوصی نامہ نگار) پرائیویٹ ایجوکیشن نیٹ ورک (پی ای این) پاکستان نے پرائیویٹ سکولز ریگولیٹری اتھارٹی (پی ایس آر اے)کے جاری کردہ اُس نوٹیفیکیشن کو مسترد کر دیا ہے جس میں نجی سکولوں کو موسمِ سرما کی تعطیلات کے دوران اپنے عملے کو طلب کرنے سے روکنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ پی ای این کے صوبائی صدر محمد سلیم خان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ محکمہ تعلیم کی جانب سے پے در پے ایسے نوٹیفیکیشنز جاری کئے جا رہے ہیں جو کسی صورت قابلِ قبول نہیں، یہ طرزِ عمل ’’بادشاہی احکامات‘‘ کے مترادف ہے جنہیں نجی تعلیمی ادارے ہرگز تسلیم نہیں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی قانون میں یہ پابندی موجود نہیں کہ نجی سکول اپنے عملے کو تعطیلات کے دوران نہ بلا سکیں یہ اقدام غیر قانونی ہے اگر عملہ طلب کرنے پر کسی قسم کی کارروائی کی گئی تو اسے پورے نجی تعلیمی سیکٹر کے خلاف اقدام سمجھا جائے گا۔انہوں نے حکامِ بالا سے مطالبہ کیا کہ وہ اس قسم کے غیر قانونی ہتھکنڈوں سے باز رہے تاکہ تعلیمی ادارے یکسوئی کے ساتھ بچوں کو زیورِ تعلیم سے آراستہ کر سکیں۔ بصورتِ دیگرپی ای این نے فوری طور پر احتجاج اور عملی اقدامات کا عندیہ بھی دیا ہے۔