لڑائی جھگڑے ، لڑکی سمیت دوشہری زخمی ہوگئے

January 25, 2022

اسلام آباد ( خصوصی نامہ نگار) لڑائی جھگڑے کے مختلف واقعات کے دوران لڑکی سمیت دوشہریوں کو زخمی کر دیا گیا ، تھانہ وارث خان پولیس کو نگینہ نے درخواست دی کہ ہمارے گھر کے ساتھ اصغر خان پلازہ بنا رہا ہے جس نے زاہد ٹھکیدارکو تعمیر کیلئے رکھاہے جس کو میرے بھائی سلمان نے کہا ہمارے گھر کی طرف والی دیوار جلد تعمیر کر دو تاکہ گھر کا پردہ برقرار رہے جس پر زاہد نے میرے بھائی سے بدتمیزی اور گالم گلوچ شروع کر دی جس پر میں گھر سے باہر آئی اور اسے منع کیا تو اس نے بیلچہ اٹھا کر میرے سر پر مارا جس سے میں زخمی ہو گئی اور میرے بھائی کو زدکوب کیا۔ صدر بیرونی پولیس کو ارسلا ن اختر نے درخواست دی ہے کہ میں اپنے چچا کے گھر کوہالہ جارہا تھا، جب میرے دوست ذیشان نے اپنی گاڑی سے سواری اتاری تو ایک ڈالا میں سوار 5 لڑکوں نے ہمیں گالم گلوچ شروع کردی اور آگے نکل گئے جب ہم کوہالہ تندور والے سٹاپ پر پہنچے تو ڈالے والوں نے ہم کو زدوکوب کرنا شروع کردیا جب اہل علاقہ آئے تو وہ لوگ فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوئے ان کی فائرنگ سے ایک فائر میری بائیں ٹانگ میں آکر لگا جس سے میں زخمی ہوکر گر گیا. پولیس نے مقدمات درج کرلیے ۔