فوڈ اتھارٹی کی کارروائی، کوئٹہ و کچلاک میں8مراکز سیل اور 17 کو جرمانہ

January 25, 2022

کوئٹہ(خ ن)بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی کوئٹہ و صوبہ کے دیگر چھوٹے بڑے شہروں میں ناقص و مضر صحت خوردنی اشیاء کے تدارک کیلئے مراکز کا معائنہ جاری ہے۔کوئٹہ کے نواحی علاقوں و کچلاک بازار میں حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر 7 گوشت کی دکانوں اور ایک بیکنگ یونٹ کو سربمہر جبکہ 17 مراکز پر جرمانے عائد کردئیے گئے ۔ بی ایف اے حکام کے مطابق کچلاک میں 7 میٹ شاپس کو ایس او پیز کی خلاف ورزی و دکانوں کے باہر گوشت لٹکانے پر جبکہ امارات ہوٹل اور پاکستان ہوٹل کو صفائی کے ناقص انتظامات غیر معیاری فوڈ کلرز و استعمال شدہ کوکنگ آئل کے استعمال سمیت مختلف وجوہات پر جرمانہ کیا گیا ، مسجد روڈ و ملحقہ علاقے میں قائم متفرق کھانے پینے کے مراکز کی چیکنگ کے دوران معروف کوالٹی سوئیٹس کے بیکنگ کے خلاف مٹھائیوں میں مکھیوں اور اسٹوریج ایریا میں حشرات کی موجودگی و ناقص صفائی ، ڈولفن بیکرز کے خلاف زائد المیعاد خوردنی اشیاء کی برآمدگی و بیکنگ یونٹ میں گندگی جبکہ پیپلز بیکری کے خلاف مجموعی طور پر ایس او پیز کی خلاف ورزی پر کارروائی کی گئی ، بی ایف اے فوڈ سیفٹی ٹیم نے داؤد شاپنگ سینٹر ، ہارون شاپنگ سینٹر اور الصفاء شاپنگ سینٹر کی مرکزی کینٹین کو بھی مختلف وجوہات پکوان میں چائنیز نمک و استعمال شدہ کوکنگ آئل کے دوبارہ استعمال ، ایکسپائرڈ کولڈڈرنکس و باسی اسٹور شدہ پھل برآمد ہونے پر جرمانہ کیا ، جرمانہ کئے گئے دیگر مراکز میں الباسط بار بی کیو اور ہاٹ اینڈ سپائسی فوڈ پوائنٹ شامل تھے۔ علاوہ ازیں میکانگی روڈ اور سیٹلائٹ ٹاؤن میں مراکز کی چیکنگ پر پروڈکشن ایریا میں انتہائی گندگی و اشیاء کی تیاری میں مضر صحت اجزاء و پابندی عائد خوردنی تیل کے استعمال پر سیل کیا گیا ، علاقوں میں موجود 4 میٹ شاپس و 3 بیکنگ یونٹس کے خلاف گزشتہ ہدایات و ایس او پیز کی مسلسل خلاف ورزی پر کارروائی کی گئی۔ مزید برآں ضلع نصیر آباد کی تحصیل منجھو شوری میں بی ایف اے زونل ٹیم نے ایک جنرل اسٹور سے ممنوعہ اجینو موتو برآمد کرتے ہوئے دکان پر جرمانہ عائد کر دیا۔ اس دوران مختلف کھانے پینے کے مراکز کو صفائی و اسٹوریج کے ناکافی انتظامات پر اصلاحی نوٹسز بھی جاری کئے گئے۔