نوجوانوں میں کھیلوں کی سرگرمیاں فروغ دینا ہوں گی، مختلف شخصیات

January 27, 2022

برمنگھم (آصف محمود براہٹلوی) نوجوانوں میں کرکٹ سمیت دیگر کھیل کی مدد سے صحت مند سرگرمیاں کو فروغ دے کر انہیں مین اسٹریم معاشرے کا حصہ بنایا جاسکتا ہے۔ سوشل میڈیا اور ٹیکنالوجی کے اس دور میں کھیل کے میدان آباد کرنے سے ایک صحت مند معاشرے کا قیام عمل میں لایا جاسکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار جموں و کشمیر کرکٹ کلب برمنگھم کے زیراہتمام سالانہ جلسہ تقسیم انعامات اور سیزن کے اختتام پر سنڈے لیگ اور سینچر ڈے لیگ میں اجتماعی اور انفرادی کارکردگی کے حامل کھیلاڑیوں کو اعزازات سے نوازنے کی تقریب سے رہنمائوں نے کیا۔ جے کے کرکٹJKCCکے بانی راجہ طارق کیانی کی زیر صدارت منعقد ہونے والی اس تقریب کے مہمان سابق لارڈ میئر کونسلر شفیق شاہ، برمنگھم کرکٹ لیگ کے چیئرمین ظفر اسلام، سابق کونسلر راجہ ایاز ایڈووکیٹ، ثاقب ایاز راجہ، نسیم کیانی سمیت دیگر مہمانوں نے انعامات تقسیم کیے۔ پاکستان پریس کلب کے ممبران ناصر محمود راجہ، آصف محمود براہٹلوی صدر، بشارت چوہدری، عابد کاظمی، سردار عرفان طاہر اور دیگر نے بھی کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے خوب داد دی۔ سابق لارڈ میئر کونسلر شفیق شاہ نے کہا کہ سائوتھ ایشین ریجن میں کرکٹ ہمیشہ مقبول کھیل رہا ہے۔ برطانیہ میں موجود ہماری کمیونٹی کو کرکٹ کے ذریعے کھیل کی جانب راغب کیا جاسکتا ہے۔ ظفر اسلام نے کہا کہ برطانیہ میں برمنگھم کرکٹ لیگ سب سے قدیم کرکٹ لیگ ہے، جس نے ماضی میں بڑے بڑے کھلاڑی پیدا کیے۔ ایاز راجہ ایڈووکیٹ کا کہنا تھا نوجوان ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں۔ ان کی حوصلہ افزائی بہترین تربیت بطور کمیونٹی رہنما ہماری ذمہ داری ہے۔ نسیم کیانی نے کہا کہ ہماری کمیونٹی نے برطانیہ کے ہر شعبہ ہائے زندگی میں اہم نام کمایا۔ ثاقب ایاز نے کہا کہ ہماری یوتھ نے مستقبل میں اپنا اور ملک کا نام بلند کرنا ہے۔ طارق کیانی نے سب کا شکریہ ادا کیا۔ راجہ محمود خان کی جانب سے شرکا کی تواضع کی گئی۔