بھارتی یوم جمہوریہ پر کل جماعتی کشمیر رابطہ کمیٹی کا احتجاجی مظاہرہ

January 29, 2022

برمنگھم(نمائندہ جنگ) بھارتی یوم جمہوریہ کو برطانوی کشمیریوں نے یوم سیاہ کے طور پر منایا، کُل جماعتی کشمیر بین الاقوامی رابطہ کمیٹی کے صدر چوہدری شاہ نواز نے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب تک مقبوضہ کشمیر کے عوام کو ان کا جمہوری حق خوداردیت نہیں مل جاتا بھارت کو یوم جمہوریہ منانے کا کوئی حق نہیں، احتجاج مظاہرے میں آل پارٹیز کشمیر انٹرنیشنل کوآرڈینیشن کمیٹی کے زیر اہتمام تمام جماعتوں کے ممبران نے شرکت کی۔ احتجاجی شرکا نے مختلف بینرز اور کشمیر کے جھنڈے اٹھا رکھے تھے جن پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم بند ، دو برس سے جاری کرفیو ختم اور مقبوضہ کشمیر کا خصوصی اسٹیٹس بحال کرنے کے نعرے درج تھے۔ احتجاجی شرکا میں تحریک کشمیر برطانیہ کے صدر راجہ فہیم کیانی، صاحبزادہ محمد رفیق چشتی، مفتی فضل احمد قادری، اختر محمود مرزا، راجہ فضل الرحمن،سید عاشق کاظمی، چوہدری شکیل، اورنگزیب اعوان، چوہدری شوکت، نائلہ خان، چوہدری غفور کھاڑک سمیت مختلف مکتبہ فکر کے رہنماؤں نے شرکت کی۔ رہنماؤں کا کہنا تھا اب دنیا گلوبل ولیج بن چکی ہے، سوشل میڈیا کا دورہے، بھارت اپنی کنٹرولڈ ڈیموکریسی سے زیادہ تر عالمی برادری کی آنکھوں میں دھول نہیں جھونک سکتا، بھارت اپنے سیاہ کرتوتوں سے دنیا کے سامنے بری برح بے نقاب ہو چکا ہے، اب اسے مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کا حق خود ارادیت تسلیم کرنا ہو گا۔