کیچ میں چیک پوسٹ پر حملہ

January 29, 2022

بلوچستان کے علاقے کیچ میں سیکورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے میں فوجی جوانوں کی شہادت نے نہ صرف قوم کو ایک بارپھر غمزدہ کیا ہے بلکہ ایسے اقدامات کی ضرورت اجاگر کی ہے جن سے دہشت گردی کے مزیدواقعات کی روک تھام کی جاسکے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 25اور 26جنوری کی درمیانی شب دہشت گردوں نے چیک پوسٹ پر حملہ کیا، فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد مارا گیا جبکہ متعدد زخمی ہوئے۔ کلیئرنس آپریشن میں 3 دہشت گرد گرفتار کئے گئے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے اپنے بیان میں شہدا کے لواحقین سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہید جوانوں کے خون کا ایک ایک قطرہ ملک کے تحفظ کا ضامن ہے۔ جمعرات کے روز کیچ میں شہادت پانے والے 21سالہ جوان شہزاد کو ساہیوال کے نواحی گائوں نائن ایل اور جوان رانا فرحان سلہری کو مرید کے میں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ دفن کر دیا گیا۔ وطن عزیز کو بھارت سمیت پاکستان مخالف اور سی پیک مخالف بین الاقوامی قوتوں کے کئی اندرونی و بیرونی نیٹ ورکس کا سامنا ہے جس کے مظاہر ایک ہی دن میں چمن کے علاقے احمد میں لیویز اہلکار اور میرانشاہ (دوسلی) میں ایف سی اہلکار کی شہادت کی صورت میں سامنے آئے ہیں۔ لاہور میں20جنوری کو بم دھماکے سے 3افراد کی شہادت سمیت ملک کے مختلف حصوں میں دہشت گردی کےکئی دیگر واقعات بھی رونما ہوئے ہیں۔ مگر جیسا کہ آئی ایس پی آر کے بیان سے واضح ہے کہ وطن عزیز کی مسلح افواج دہشت گردوں کے خاتمے کے لئے پرعزم ہیں اور قومی رہنمائوں کے بیانات سے بھی ظاہر ہے، محب وطن عوام اپنی مسلح افواج کی پشت پر ہیں۔ ملک کے چپے چپے کو دہشت گردوں سے پاک کرنے کا مشن ان شاء اللّٰہ جلد کامرانی سے ہمکنار ہوگا۔