کابینہ کی قائمہ کمیٹی کا اجلاس،پنجاب ریکروٹمنٹ پالیسی کی منظوری

January 29, 2022

لاہور(خصوصی نمائندہ) وزیر قانون و پارلیمانی امور پنجاب محمد بشارت راجہ کی زیرصدارت کابینہ کی قائمہ کمیٹی برائے امور قانون سازی کا اجلاس ہوا ۔ صوبائی وزرا راجہ یاسر ہمایوں، سردار آصف نکئی،محسن لغاری اور متعلقہ افسروں نے شرکت کی۔ کابینہ کمیٹی نے پنجاب ریکروٹمنٹ پالیسی 2022 کی منظوری دے دی ۔ پنجاب واٹر ریسورسز مینجمنٹ سمیت آبپاشی کے متعدد امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس نے چوبارہ برانچ کینال کی تعمیر کیلئے ایشیائی ترقیاتی بینک سے قرضے کے عمل کے آغاز اور کینال کمانڈ ایریاز سے متعلق پنجاب رولز 2020 میں توسیع کی بھی منظوری دی۔ وزیر قانون نے سیکرٹری ایریگیشن کو ہدایت کی کہ پانی کی تقسیم کے حوالے سے کاشتکاروں کی شکایات کا ازالہ کیا جائے۔ کابینہ نے راولپنڈی میں مزید دو تحصیلوں کے قیام کا فیصلہ موخر کر دیا۔ اجلاس میں سمال انڈسٹریز کارپوریشن ایکٹ کے تحت قرضوں کی حدمیں نرمی کی بھی منظوری دی گئی۔ پنجاب رورل میونسپل سروسز کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی نامزدگیوں پر حتمی فیصلہ اگلے اجلاس تک موخر کر دیا گیا ہے۔