عمران احسان فراموش، ثابت کر دیا اہم عہدے کیلئے مس فٹ، مصطفیٰ کمال

May 14, 2022

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاک سر زمین پارٹی 15 مئی کو باغ جناح میں خواتین جلسہ منعقد کرے گی۔ پی ایس پی کے چئیر مین مصطفی کمال نے کہا کہ سابق وزیراعظم عمران خان نے ثابت کر دیا کہ وہ ملک کے کسی بھی اہم اور حساس عہدے کے لیے مس فٹ ہیں۔ ثابت ہوگیا کہ عمران خان احسان فراموش ہیں اور ان میں وفا نہیں۔ الله تعالیٰ نے وزیراعظم بنا کر عمران خان کے ظرف کو بے نقاب کردیا ہے۔ عمران خان نے آج پوری دنیا میں پاکستان کے دشمنوں کو یہ باور کروا دیا ہے کہ پاکستان کے سارے سیاست دان چور اور اداروں کے سربراہان غدار ہیں۔ جو کام ہمارا دشمن بھارت 75 برس میں نہیں کرسکا وہ عمران خان نے چار ہفتوں میں کردیا۔ بھارت کے سو جنگی جہاز پاکستان میں جو تباہی نہیں پھیلا سکتے تھے، عمران خان نے اکیلے ہی اس سے زیادہ تباہی پھیلا دی ہے۔ عمران خان خود ہی بیک وقت وزیراعظم، آرمی چیف، چیف جسٹس اور چئیر مین الیکشن کمیشن بننا چاہتے ہیں۔