حکومت مالیاتی ایمرجنسی لگاکر صرف ناگزیر اشیاء امپورٹ کرے، ملک محمد بوستان

May 15, 2022

کراچی(نیوز ڈیسک)فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے صدر ملک محمد بوستان نے روپیہ کی مسلسل گرتی ہوئی قیمت کے پیش نظر مضبوط روپیہ مضبوط پاکستان کے نام سے ایک کانفرنس کا انعقاد کیا جس میں فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کےارکان، ایکسچینج کمپنیوں کے سی ای اوز، پاکستان فیڈریشن و کراچی فیدریشن کے نمائندوں، نامور معیشت دان، بینکر اور کاروباری شخصیات نے اپنی اپنی تجاویز پیش کیں۔ فاریکس ایسوسی ایشن کے صدر ملک محمد بوستا ن نےکہا کہ سیاستدان اختلافات بھلاکر ملک وعسکری اداروں کا دفاع کریں،حکومت ایک سال کیلئے مالیاتی ایمرجنسی لگادے،صرف ناگزیر اشیاء ہی امپورٹ کی جائیں، آج پاکستان کے دشمن عوام کے دلوں میں فوج کے خلاف سوشل میڈیا کے ذریعے بدگمانی پیدا کر کے فوج کے سامنے کھڑا ہونے کی ترغیب دے رہے ہیں، ہمارے سامنے شام، عراق اور لیبیا کی مثال موجودہے، وہاں کے عوام کو اپنے اداروں کے خلاف کھڑا کیا گیا جس کی وجہ سے وہ تباہ ہوگئے،ہمارا دشمن بھی یہی چاہتا ہے کہ پاکستان میں سول وار کرواکر پاکستان کی معیشت کو تباہ کیا جائے تاکہ پاکستان فوج رکھنے کے قابل ہی نہ رہے۔