حیدرآباد (بیورو رپورٹ) حیدرآباد میں دکانداروں کی جانب سے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے وظیفوں میں کٹوتی۔ تفصیلات کے مطابق حکومت کی جانب سے غریب افراد کی کفالت کے پروگرام بے نظیر انکم سپورٹ کے تحت وظیفے کی اقساط جاری کرنے کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے مگر دکانوں اور دیگر پوائنٹس پر وظیفے میں سے غیرقانونی طور پر کٹوتی کی جارہی ہے۔ حیدرآباد کی تحصیل سٹی‘ لطیف آباد‘ قاسم آباد اور تحصیل دیہی میں درجنوں ایسی دکانیں ہیں جہاں ڈیوائس رکھی گئی ہیں اور وہاں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی رقوم وصولی پر غریب افراد کے وظیفے سے پیسے کاٹے جارہے ہیں جس کے پیش نظر حیدرآباد میں غریب عوام کے لیے شروع ہونے والی امدادی رقم بھی مبینہ کرپشن کی نظر ہونے لگی ہے۔ شہید بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت ملنے والی 13 ہزار روپے کی رقم میں سے 1500 روپے کی غیر قانونی کٹوتی کی مصدقہ اطلاع موصول ہورہی ہیں لیکن انتظامیہ اور دیگر متعلقہ ادارے وظیفے کی رقم سے کٹوتی کرنے والے دکانداروں کے خلاف کسی قسم کی کارروائی نہیں کی جارہی ہے۔