اسلام آباد ( رانا غلام قادر) وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی، نے حج 2026کے عازمین کی رہنمائی اور اس مقدس سفر کو سہل بنانے کیلئے ایک تفصیلی اور جامع کتابچہ "رہنمائے حج" جاری کر دیا ہے۔ یہ کتابچہ حجاج کرام کیلئے ایک مکمل گائیڈ کی حیثیت رکھتا ہے، جس میں پاکستان سے روانگی سے لیکر حج کی ادائیگی اور وطن واپسی تک کے تمام مراحل کو انتہائی آسان فہم انداز میں بیان کیا گیا ہے۔ اس اہم کتابچے کی ترتیب و تحقیق کا کام شعبہ تحقیق و مراجع کے حافظ عبد القدوس (ڈائریکٹر)، ڈاکٹر شاہد الرحمن (ڈپٹی ڈائریکٹر)، محمد خلیق (ڈپٹی ڈائریکٹر)، اور عائشہ اعجاز (اسسٹنٹ ڈائریکٹر) نے سرانجام دیا ہے۔ جبکہ شعبہ حج سے مصباح الرحمن (سیکشن آفیسر) اور جمیل الرحمن (اسسٹنٹ ڈائریکٹر آئی ٹی) نے اس کی تیاری میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ کتابچے کو مختلف ابواب میں تقسیم کیا گیا ہے، جس میں مختلف اہم پہلوؤں کا احاطہ کیا گیا ہے۔سفری تیاری اور انتظامی امورکے باب میں حج کی فرضیت، نیت، اور پاکستان میں تیاری کے حوالے سے رہنمائی دی گئی ہے۔ عازمین کو سامان کی پیکنگ، سفری دستاویزات کی حفاظت، ممنوعہ اشیاء (جیسے منشیات اور مخصوص غذائی اشیاء) کو ساتھ نہ لے جانے، اور زر مبادلہ کے انتظامات کے حوالے سے تفصیلی ہدایات فراہم کی گئی ہیں۔ ڈیجیٹل ایپس کے استعمال میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ دیتے ہوئے کتابچے میں ʼپاک حج ایپʼ اور ʼسعودی ویزہ بائیو ایپʼ کے استعمال کا مکمل طریقہ کار شامل کیا گیا ہے۔