مادھوری ڈکشٹ مائیکرو بائیولوجسٹ بننا چاہتی تھیں؟

May 15, 2022

فائل فوٹو

مادھوری ڈکشٹ کو بالی ووڈ کی مقبول ترین اداکارہ کے طور پر ہمیشہ یاد رکھا جائے گا لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ ان کا کیمرے کا سامنا کرنے کا کوئی ارادہ نہیں تھا؟ وہ مائیکرو بائیولوجی اور پیتھالوجی میں کیریئر بنانے کی خواہشمند تھیں اور اُنہوں نے مائیکرو بائیولوجی میں ڈگری بھی حاصل کی۔

’تیزاب‘، ’ہم آپ کے ہیں کون‘، ’رام لکھن‘، ’دل تو پاگل ہے‘ اور ’ہم تمہارے ہیں صنم‘ جیسی سُپر ہٹ فلمیں دینے والے مادھوری ڈکشٹ نے فلموں کے علاوہ، ’فیم گیم‘ سے نیٹ فلیکس کے پیلٹ فارم پر اپنا او ٹی ٹی ڈیبیو بھی کیا جہاں ان کے ساتھ سنجے کپور بھی اداکاری کرتے نظر آئے۔

اپنی کامیابی کے راز کے بارے میں بات کرتے ہوئے، مادھوری نے حال ہی میں شیئر کیا تھا کہ ’میری ماں نے مجھے کہا کہ میں اپنا سب کچھ دے دوں اور لگن کے ساتھ سخت محنت کروں، وہ مجھ پر یقین رکھتی تھیں اور میرے لیے حوصلہ افزائی اور حمایت کا ایک بہت بڑا ذریعہ تھیں۔‘

مادھوری ڈکشٹ نے کہا کہ ’میں فلموں میں بہت جلد آئی لیکن پھر میں نے اپنے فیصلے پر سوال اٹھانا شروع کر دیے تھے لیکن میں نے اچھے کام کو جاری رکھا اور پھر فلم ’تیزاب‘ راتوں رات کامیاب ثابت ہوئی۔ لہٰذا، میں یہاں سب سے کہتی ہوں، چیزوں میں وقت لگ سکتا ہے لیکن ہمیشہ اچھے کام کو مسلسل جاری رکھیں۔‘

کام کے محاذ پر، مادھوری ایک او ٹی ٹی فلم کی تیاری کر رہی ہیں جس کا عنوان ’ماجا ماں‘ ہے۔ آنند تیواری کے زیرِ ہدایت، اس دل لگی ڈرامے میں گجراج راؤ اداکارہ کے ساتھ مرکزی کردار میں ہیں۔