فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے

May 16, 2022

کراچی(نیوز ڈیسک)فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے زیر اہتمام ملک بھر میں یوم نکبہ کے عنوان سے احتجاجی مظاہرے کئے گئے جبکہ مرکزی احتجاج کراچی پریس کلب کے باہر کیا گیا۔ احتجاجی مظاہرے سے سیاسی و مذہبی جماعتوں کے قائدین سمیت انسانی حقوق کے نمائندوں اور سول سوسائٹی اراکین نے شرکت کی اور فلسطین پر صہیونی غاصبانہ تسلط کے 47 سالہ مظالم کی شدید مذمت کی۔ احتجاجی مظاہرے کے شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر اسرائیل غاصب ریاست، مردہ باد امریکا، اسرائیل نامنظور، فلسطین فلسطینیوں کا وطن اور شہید فلسطینی صحافی خاتون کی تصویریں آویزاں تھی، احتجاجی مظاہرے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ47 سال سے فلسطین کے مظلوم عوام صہیونی ظلم و بربریت کا شکار ہیں لیکن عالمی ادارے اور انسانی حقوق کی تنظیمیں فلسطینی مظلوم عوام کو انصاف فراہم کرنے میں ناکام رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ فلسطین سمیت خطے میں دہشت گردی اور بربریت کا منبع غاصب صیہونیوں کی جعلی ریاست اسرائیل ہے جبکہ عرب دنیا کے حکمران اسرائیل سے تعلقات قائم کر کے فلسطین سمیت عالم اسلام کی پیٹھ میں چھرا گھونپ رہے ہیں۔ رہنماؤں نے کہاکہ خاتون فلسطینی صحافی شیریں ابو عاقلہ نے پیشہ ورانہ سرگرمیاں انجام دیتے ہوئے فلسطین کی خاطر جان قربان کر کے فلسطینی ملت اور مسلم اُمّہ کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔