2023 تک پہلی نیٹ زیرو ٹرانس اٹلانٹک پرواز کیلئے کمپیٹشن فنڈ کا اعلان

May 17, 2022

لندن ( پی اے ) ٹرانسپورٹ سیکرٹری گرانٹ شیپس نے اگلے سال دنیا کی پہلی نیٹ زیرو ٹرانس اٹلانٹک فلائٹ فراہم کرنے کا وعدہ کیا ہے،اس مقصد کو حاصل کرنے کیلئے ایوی ایشن انڈسٹری کی حوصلہ افزائی کے سلسلے میں ایک کمپیٹیشن فنڈ کا انکشاف کیا گیا ہے ۔ انڈسٹری کو ٹیسٹنگ ، ریسرچ اور فلائٹ کی پرسونل لاگت کیلئے 2022سے 2023تک ایک ملین پونڈ کی فنڈنگ فراہم کی جائے گی جو 100 فیصد سسٹین ایبل (ایس اے ایف) استعمال کرے گی۔ یہ کمپیٹیشن ائر لائنز ‘ فیول پروڈیوسرز ‘ ائر کرافٹ یا انجن مینیو فیکچررز اور فیول سپلائیرز کیلئے کھلا ہے۔ امریکہ کے دورے میں ٹرانسپورٹ سیکریٹری گرانٹ شیپس نے یہ اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یہ ٹرائل بلیزنگ نیٹ زیرو ایمیشن فلائٹ،دنیا کی پہلی پرواز ہو گی جو یہ واضح طور پر یہ ظاہر کرے گی کہ پائیدار ایوی ایشن فیول ہمارے نیٹ زیرو ٹارگٹس کے مطابق ڈی کاربونائزنگ ایوی ایشن کو حاصل کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ موجودہ جیٹ فیول سپیسی فیکیشنز پروازوں کو 100 فیصد ایس اے ایف استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیتی ہیں جس کا مطلب یہ ہے کہ ایس اے ایف کے استعمال کو مکمل طور پر نیٹ زیرو کرنے کیلئے اضافی ڈیکاربو نائزیشن اقدامات کی تکمیل کی ضرورت ہے ۔ حکومت کا کہنا ہے کہ ٹرانس اٹلانٹک پرواز کی فراہمی سے ہمیں اس ٹیکنالوجی کی مکمل ڈی کاربونائزیشن صلاحیت کا پتہ لگانے کیلئے ایس اے ایف کے 100فیصد استعمال‘ منظوری اور ٹیسٹنگ کو تیز کرنے میں مدد ملے گی ۔ ائر لائنز یو کے کے چیف ایگزیکٹو ٹم ایلڈرسلیڈ نے کہا کہ برطانیہ کی ائر لائنز یو کے ایس اے ایف انڈسٹری کی ترقی کی بھرپور حمایت کرتی ہیں جو ہمارے سیکٹر میں نیٹ زیرو ایمیشن کو حاصل کرنے کے ہمارے مقاصد کو حاصل کرنے میں مدد اور اہم کردار ادا کر سکتی ہے جس کیلئے ہم انتہائی پر عزم اور مخلص ہیں۔