فوڈ اتھارٹی کی سیوریج پانی سے کاشت فصلوں کیخلاف کارروائی جاری

May 17, 2022

کوئٹہ(خ ن)بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی سیوریج کے زہریلے پانی سے کاشت و تیار کردہ سبزیوں کے خلاف کارروائیاں مسلسل دوسرے روز بھی جاری رہیں۔نیو سبزل روڈ کے علاقے میں گوبھی ، پیاز ، دھنیا ،پودینہ اور سلاد کی مزید کئی ایکڑ اراضی پر زیر کاشت فصلیں تلف کر دی گئیں جبکہ فصلوں تک نالوں سے گندے پانی کی سپلائی و سٹوریج کے ذرائع بھی منقطع کر دئیے گئے۔مذکورہ اراضیات کو حکومتی پابندی کے باوجود سیوریج کے پانی سے سیراب کرکے سبزیاں اگائی گئی تھیں۔ڈائریکٹر جنرل بلوچستان فوڈ اتھارٹی محمد نعیم بازئی جو کارروائیوں کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں کے مطابق بی ایف اے کی گزشتہ کارروائیوں سے گندے پانی سے سبزیوں کی کاشت میں کمی تو آئی ہے، تاہم مکمل خاتمے تک آپریشنز جاری رہیںگے۔انہوں نے کہا کہ ذاتی فائدے کیلئے انسانی زندگیوں سے کھیلنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ آئندہ قوانین کی خلاف ورزی پر ملوث عناصر کے خلاف مقدمات درج اور فصلوں کو تلف کرنے کے اخراجات بھی متعلقہ کاشتکاروں و زمینداروں سے وصول کئے جائیں گے ۔