کوئٹہ ( خ ن) سیکرٹری بلدیات و دیہی ترقی بلوچستان عبدالروف بلوچ کی زیر صدارت مشاورتی اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع کوئٹہ کی دو اضلاع میں تقسیم کے بعد بلدیاتی نظام میں ضروری قانونی و انتظامی ترامیم، مقامی کونسلوں کے قیام، ٹی ایم سیز اور شہری یونین کونسلوں کی ازسرِنو حد بندی سمیت دیگر متعلقہ امور پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔اجلاس میں ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ بشیر بڑیچ، سیکرٹری لوکل کونسلز بلوچستان عبدالوحید بادینی، فوکل پرسن محکمہ بلدیات و دیہی ترقی طحہٰ جنید، الیکشن کمیشن، محکمہ بلدیات و دیہی ترقی اور دیگر متعلقہ محکموں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں ضلع کوئٹہ کو دو اضلاع میں تقسیم کیے جانے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال اور بلدیاتی نظام کو نئے انتظامی ڈھانچے سے ہم آہنگ کرنے کے حوالے سے مختلف امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔سیکرٹری بلدیات و دیہی ترقی عبدالروف بلوچ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع کوئٹہ کی انتظامی تقسیم کے بعد بلدیاتی اداروں کے نظام کو نئی انتظامی ضروریات کے مطابق منظم کرنا اہم تقاضا ہے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تمام قانونی، انتظامی اور حد بندی سے متعلق امور کا باریک بینی سے جائزہ لیتے ہوئے قابلِ عمل تجاویز مرتب کی جائیں تاکہ نئے انتظامی ڈھانچے کے مطابق بلدیاتی نظام کو مؤثر انداز میں آگے بڑھایا جا سکے۔اجلاس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ قانونی ترامیم، حد بندی، مردم شماری سے متعلق امور اور مقامی کونسلوں کے قیام کے معاملات میں تمام متعلقہ اداروں کے درمیان باہمی رابطے اور مشاورت کو یقینی بنایا جائے، تاکہ آئندہ بلدیاتی انتظامات میں کسی قسم کی انتظامی یا قانونی پیچیدگی پیدا نہ ہو۔اجلاس کے اختتام پر دیگر متعلقہ امور کا بھی جائزہ لیا گیا اور متعلقہ حکام کو ضروری کارروائی اور سفارشات مرتب کرنے کی ہدایت کی گئی۔ ضلع کوئٹہ کو دو اضلاع میں تقسیم کرنے کا باضابطہ نوٹیفکیشن جولائی 2026ءمیں جاری کیا گیا تھا، جس کے بعد بلدیاتی نظام کو نئی انتظامی تقسیم کے مطابق ہم آہنگ کرنے کے امور اہمیت اختیار کر گئے۔