عمران خان کو قتل کی دھمکیاں، حکومت کو سنجیدہ لینا چاہئے، تجزیہ کار

May 17, 2022

کراچی (ٹی وی رپورٹ)سینئر تجزیہ کاروں نے کہا ہے کہ عمران خان کو قتل کی دھمکیاں مل رہی ہیں تو حکومت کو سنجیدہ لینا چاہئے، عمران خان دھمکیوں کے ثبوت دیں تاکہ ریاست اس پر ایکشن لے سکے،عمران خان کو براہ راست قتل کی سنگین دھمکیاں ملی ہیں تو انہیں سازشی کرداروں کے نام بتانے کی ضرورت ہے۔

ان خیالات کا اظہار ریما عمر، شہزاد اقبال، حفیظ اللہ نیازی اور ارشاد بھٹی نے جیو کے پروگرام ”رپورٹ کارڈ“ میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

میزبان علینہ فاروق شیخ کے سوال کیا عمران خان کو ویڈیو سامنے لانی چاہئے؟ کا جواب دیتے ہوئے ریما عمر نے کہا کہ عمران خان کو قتل کی دھمکیاں مل رہی ہیں تو حکومت کو سنجیدہ لینا چاہئے.

عمران خان سازش کا بیانیہ بنانے کیلئے جھوٹ پر جھوٹ بول رہے ہیں، عمران خان دھمکیوں کے ثبوت دیں تاکہ ریاست اس پر ایکشن لے سکے۔

ارشاد بھٹی کاکہنا تھا کہ عمران خان کے خود کو دھمکیاں ملنے کے انکشاف کے بعد حکومت کو ان کی سیکیورٹی بڑھادینی چاہئے، عمران خان سپریم کورٹ، جوڈیشل کمیشن یا اہم لوگوں کو سازشی کرداروں سے آگاہ کریں جو انہیں قتل کروانا چاہتے ہیں۔