سپریم کورٹ نے صرف ایڈوائزری نوٹ دیا ہے، عطا تارڑ

May 17, 2022

مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما عطاتارڑ نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ نے صرف ایڈوائزری نوٹ دیا ہے، پنجاب کے بارے میں فیصلہ الیکشن کمیشن نے کرنا ہے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران عطا تارڑ نے کہا کہ حمزہ شہباز وزیراعلیٰ پنجاب ہیں اور رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں آج گورنر لگادیں صوبائی کابینہ فوری حلف اٹھالے گی، یکم جون کو بلیغ الرحمان خود بخود گورنر پنجاب بن جائیں گے۔

ن لیگی رہنما نے مزید کہا کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی گورنر کی سمری کو روک نہیں سکتے، قانون اپنا راستہ لے گا۔

اُن کا کہنا تھا کہ صدر مملکت اپنے حلف سے مسلسل انحراف کر رہے ہیں، انہیں ہٹانے کے لیے اتحادیوں سے ہماری کل بھی مشاورت ہوئی ہے۔

عطا تارڑ نے کہا کہ صدر عارف علوی کے خلاف آرٹیکل 6 لگنا چاہیے، کوشش ہے کہ ملک کو مزید آئینی اور قانونی بحران سے بچایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ میانوالی میں سابق وزیراعظم عمران خان نے 8500 کنال اراضی بغیر کسی معاوضے اور وجہ کے اپنی یونیورسٹی کے لیے پنجاب سے الاٹ کرائی، جسے منسوخ کیا جارہا ہے۔