برٹش پاکستانیوں کی نئی نسل مقامی سیاست میں بھرپور حصہ لے، مقررین

May 18, 2022

مانچسٹر (غلام مصطفیٰ مغل) ممتاز بزنس مین چوہدری ہارون کھٹانہ کی جانب سے لارڈ میئر برمنگھم کونسلر محمد افضل، میئر آف پرسٹن کونسلر جاوید اقبال، میئر آف رچڈیل کونسلر عاصم رشید، نومنتحب ڈپٹی لارڈ میئر کونسلر یاسمین ڈار کے اعزاز میں مانچسٹر کے مقامی ہال میں پرتکلف عشائیہ دیا گیا۔اس موقع پر ملکہ برطانیہ کے نمائندے ڈپٹی لارڈ ڈاکٹر لیفٹیننٹ سید نیر العابدی، سابق وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی انیل مسرت، سابق لارڈ میئر مانچسٹر کونسلر نعیم الحسن، سابق لارڈ میئر مانچسٹر کونسلر عابد چوہان، کونسلر جواد امین ڈار، کونسلر اقبال رانجھا، کونسلر یاسمین ڈار، کونسلر عادیہ کمال کونسلر فیاض ریاست، کونسلر وسیم اختر، کونسلر زاہد حسین، کونسلر باسط شیخ، کونسلر شازیہ بٹ، زاہد اقبال، میاں سرفراز شوکت، کونسلر عذرا علی، کونسلر سدرہ نور، چوہدری عبدالکریم، میاں بشیر، میاں محمد یونس، غلام احمد مغل، جبران سونی، ریحان بٹ، فاروق شیخ، قیصر بخاری، فرحت شاہ، کونسلر ماجد ڈار، کونسلر رضا الیاس گوندل، چوہدری محمد یعقوب انور، فادر فلک شیر، سالیسٹر شعیب تاج، ناصر محمود چغتائی، نصر اقبال، چوہدری سعید اللہ مدبر، ڈاکٹر سندس چوہان، میاں نعیم اختر کے علاوہ کمیونٹی رہنماؤں نے شرکت کی۔ سابق وزیراعظم پاکستان عمران خان کے معاون خصوصی انیل مسرت نے خطاب ہوئے کہا کہ ہم برطانیہ کی ایک کامیاب کمیونٹی ہیں۔ ہماری نوجوان نسل کو ہر شعبہ ہائے زندگی میں جدوجہد کرنی چاہئے۔ پاکستانی کمیونٹی سنٹر کے چیئرمین ہارون کھٹانہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان کونسلرز کو آگے آنے میں بہت مدد کی ہے۔ مجھے امید ہے وہ خود بھی سیاست میں بھرپور کردار ادا کریں گے۔ ہمیں مستقبل میں مزید کونسلرز، میئرز کو لانا ہے اور کامیاب بزنس مین بنانے کےلیے کمیونٹی کا تعاون ضروری ہے، لارڈ میئر برمنگھم کونسلر محمد افضل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں ہارون کھٹانہ کا شکریہ ادا کرتا ہوں انہوں نے ہمارے اعزاز میں محفل سجائی ہے۔ پاکستانی کمیونٹی ترقی کر رہی ہے اور میری دعا ہے کہ اللہ ہمیں مزید کامیابی عطا فرمائے ۔ ڈپٹی لارڈ میئر کونسلر یاسمین ڈار نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنے پاکستانی بہن بھائیوں کا بہت خیال ہے۔ مانچسٹر میں ہماری لیبر پارٹی کی کمیونٹی بہت بڑی ہے،ہمیں لوگوں کو یہ بتاتے ہوئے بہت خوشی اور فخر ہوتا ہے۔ تقریب کے شرکا نے ڈنر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ نئی نسل کو سیاست میں لانا چاہئے ، ہمیں خوشی ہے کہ ہماری کمیونٹی میں کوئی اتنا آگے جا رہا ہے۔ یاسمین ڈار یہ اعزاز حاصل کرنے والی پہلی برٹش پاکستانی خاتون ہیں جو گریٹر مانچسٹر کی تاریخ میں پہلی بار لارڈ مئیر مانچسٹر بنیں گی۔