برطانیہ میں ملکہ کی پلاٹنیم جوبلی کے دوران ہڑتال کا اعلان

May 19, 2022

برطانیہ میں ملکہ برطانیہ کی پلاٹنیم جوبلی کے دوران ہڑتال کا اعلان، فائل فوٹو

ملکہ الزبتھ دوئم کی پلاٹینم جوبلی کی تقریبات کے دوران ہی برطانیہ کی نیشنل یونین آف ریل، میری ٹائم اینڈ ٹرانسپورٹر (RMT)نے ہڑتال کا اعلان کردیا ہے۔

برطانوی میڈیا کے مطابق، نیشنل یونین آف ریل، میری ٹائم اینڈ ٹرانسپورٹر(RMT) کو ہڑتال کا اعلان کرکے ملکہ برطانیہ کی پلاٹینم جوبلی کی تقریبات میں خلل ڈالنے پر سخت ردِ عمل کا سامنا ہے۔

ایک شاہی مبصر نے ہڑتال کے اعلان کو مکمل طور پر ’اشتعال انگیز سلوک‘ قرار دیا ہے اور ساتھ ہی یہ مطالبہ بھی کیا کہ ہڑتال کرنے کے فیصلے کے ذمہ داران کو برطرف کیا جانا چاہیے۔

یہ ہڑتال 3 جون کو مقرر کی گئی ہے جوکہ ملکہ برطانیہ کی پلاٹینم جوبلی کے موقع پر ہوگی اور 24 گھنٹے جاری رہے گی۔

اس حوالے سے آر ایم ٹی (RMT) کے جنرل سیکرٹری مک لائنچ نے کہا کہ’ہیوسٹن اور گرین پارک ٹیوب (ریپڈ ٹرانزٹ سسٹم) کے عملے کو ایک مینیجر کی طرف سے کئی سالوں سے مسلسل زیادتیوں اور دھمکیوں کا سامنا کرنا پڑا رہا ہے جس کی وجہ سے ماحول بہت خراب ہوگیا ہے۔‘

اُنہوں نے مزید کہا کہ’یونین نے انتظامیہ کے ساتھ استدلال کرنے کی بے سود کوشش کی ہے، لیکن اب وہ مقامی نمائندوں کو اسٹیشنز پر مینیجر کی جانب سے کی گئی برطرفیوں کے جائزے کا حصّہ نہیں بننے دیں گے۔‘

اُنہوں نے کہا کہ’ہم جانتے ہیں کہ 3 جون کو ہماری ہڑتال ملکہ برطانیہ کی پلاٹینم جوبلی منانے کے خواہشمند لوگوں کے لیے اہم رکاوٹ کا باعث بنے گی۔‘

اُنہوں نے مزید کہا کہ’ لیکن، اگر ٹیوب (ریپڈ ٹرانزٹ سسٹم) کے مالک صحیح کام کرتے ہیں، اور زیر بحث مینیجر کے ساتھ مناسب طریقے سے نمٹتے ہیں، تو ہم اس تنازعہ کا منصفانہ حل تلاش کر سکتے ہیں۔‘