اللّٰہ کا قرب حاصل کرنے کیلئے نبی اکرمﷺ کی تعلیمات پر عمل کیا جائے، مولانا عبدالقدیر اعوان

May 20, 2022

برمنگھم (آصف محمود براہٹلوی) نبی آخرالزماں ﷺ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر اللّٰہ کا قرب حاصل اورمعاشرے میں امن، رواداری، مساوات، صبرو برداشت اور ایک دوسرے کے ساتھ احساس کا جذبہ بیدار کیا جا سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار سلسلہ اویسیہ کے امیر مولانا عبدالقدیر اعوان نے سالانہ’’ سراج المنیر‘‘ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئےکیا۔ سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ کے مرکز دارالعرفان منارہ برمنگھم میں منعقدہ سراج المنیر کانفرنس میں کثیر تعداد میں عاشقان مصطفیٰ وسلسلہ نقشبندیہ کے عقیدت مندوں،برمنگھم کی لوکل کمیونٹیزسمیت کونسلر محمد ادریس،نومنتخب کونسلر ثاقب ایاز راجہ، راجہ ایاز ایڈووکیٹ، نجم چوہدری، حافظ فرحان معراج، خلیفہ ضمیر اعوان، عبداللہ چوہدری، محمد مظہر، محمد عرفان،کونسلر محمد ادریس، ماسٹر اظہرودیگر نے شرکت کی۔ امیر عبدالقدیر اعوان نے مزیدکہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم تعلیمات محمدیہ اور کیفیات محمدیہ پر عمل پیرا ہو کر اپنی نوجوان نسل کی اعلیٰ تعلیم کے ساتھ بہترین تربیت کریں تاکہ حقیقی معنوں میں وہ دین کے سپاہی بن سکیں ،انہوں نے کہا کہ معاشرے میں صبر اور عدم برداشت ختم ہوتا جارہا ہے،در گزر کرنے والی باتوں کو جھوٹی انا کا مسئلہ بنا دیا جاتا ہے، ایسے میں ہمیں اتباع رسولﷺ کی سخت ضرورت ہے،والدین ، اساتذہ، علماء کرام پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ بچوں کی بہترین رہنمائی کریں، آج کے بچے آنے والے کل کے معمار ہیں، افراد سے معاشرہ تشکیل پاتا ہے، ہم اپنی ذمہ داریوں سے ہرگز مبرا نہیں ہو سکتے، امیر عبدالقدیر اعوان نے کہاکہ احساس اور برداشت کا درس دے کر ہم نئی نسل کی بہترین تربیت کر سکتے ہیں۔ امیر عبدالقدیر اعوان ان دنوں اپنے دورئہ برطانیہ ویورپ پر ہیں، وہ برطانیہ کے مختلف شہروں میں ہونے والی سراج المنیر کانفرنسز سے خطاب کریں گے۔ کانفرنسز میں ذکر الٰہی، ہدیہ درود پاک سے دلوں کومنور کیاجاتا ہے۔ کانفرنس سے خلیفہ محمد ضمیر اعوان، نجم چوہدری، حافظ فرحان، عبداللہ چوہدری اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئےکہا کہ اس طرح کی کانفرنسز مغربی معاشرے میں اسلامی تعلیمات کے مطابق جینےکا قرینہ سکھاتی ہیں۔ حضرت امیر عبدالقدیر اعوان کے لیکچرز اور روحانی تعلیمات سےاستفادہ وقت کی ضرورت ہے، آخر میں امیر عبدالقدیر اعوان نے اجتماعی دعا کرائی۔ آخر میں لنگر سے شرکاء کی تواضع کی گئی۔