جعلی شیمپو اور سرف فیکٹری سیل، ملزم گرفتار

May 20, 2022

پشاور(وقائع نگار) ضلعی انتظامیہ پشاور نے کارروائی کر تے ہوئے مشہور برانڈ کے جعلی شیمپو اور سرف بنانے والی فیکٹری کو سیل کرتے ہوئے مالک کو گرفتار کر لیا۔ اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر پشاور شفیع اللہ خان کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر (سٹی) عبید ڈوگر نے گلبہار کے علاقے میں خفیہ اطلاع پر چھاپہ مارا۔ فیکٹری میں مشہور معروف برانڈ کی پیکنگ میں جعلی شیمپواور سرف پیک کیا جا رہا تھا۔ فیکٹری کو سیل کر کے مالک کو گرفتار کر لیا گیا۔کاروائی کے دوران جعلی شیمپو بنانے میں استعمال ہونے والے کیمیکل کے ڈرم، سٹیکرز، خالی بوتلیں، پیکنگ میں استعمال ہونے والی مشینری اور دیگر مواد کو قبضے میںلے لیا گیا۔ اس موقع پر بات کر تے ہوئے اسسٹنٹ کمشنرعبید ڈوگر نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر پشاورشفیع اللہ خان کو شکایات موصول ہو رہی تھیں کہ گلبہار میں ایک فیکٹری میں مشہورو معروف برانڈ کے جعلی شیمپو اور سرف تیار کیے جا رہے ہیں جس پر کاروائی کر تے ہوئے فیکٹری کو سیل کر کے مالک کو گرفتار کر لیا گیاجبکہ گرفتار مالک کے خلاف قانون کے مطابق کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر پشاور نے انتظامی افسران کو اپنے علاقوں میں فیکٹریوں اور گوداموں کا معائنہ کرنے کی ہدایت کی ہے اور کسی بھی علاقے میں غیر قانونی سرگرمی پر کارروائی کا حکم دیا ہے۔