• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھانہ ماڑی،ایک ہی روز مارے جانیوالے 2نوجوانوں کا قتل معمہ بن گیا

پشاور(کرائم رپورٹر)تھانہ بھانہ ماڑی کی حدود میں ایک ہی روز دوالگ الگ واقعات کے دوران قتل ہونے والے 2نوجوانوں کا قتل معمہ بن گیا اور ایک ہفتہ گزرنے کے بعد بھی تاحال یہ معلوم نہ ہوسکا کہ انہیں کس نے اور کیوں قتل کیا ہے ؟ پولیس کی جانب سے تاحال ان کیسزمیں تفتیش جاری ہے۔ 14نومبر کو 18سالہ لڑکے شاہ زیب سکنہ امید آبادکو لنڈی ارباب کے علاقے میں نامعلوم افراد نے قتل کردیا تھا ،پولیس نے فضل شیرولد خان بہادر کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا۔ پولیس کاکہناہے کہ نامعلوم افراد موٹرسائیکل پر آئے تھے، مقتول فرنیچر کی پالش کا کام کرتا تھا ،اس کیس میں وہ مشکوک افراد پرکام کررہے ہیں تاہم وہ تاحال کسی نتیجے پر نہیں پہنچے۔ اسی تھانے کی حدود میں شہزاد خان ولد گل عارف سکنہ مشتاق آباد نے اپنے بھائی شیراز کے قتل کی رپورٹ کی تھی جسے مسکین آباد میں چنگ چی رکشہ میں نشانہ بنایاگیا تھا ۔29سالہ مقتول ریلوے اسٹیشن کے قریب پھولوں کے گجرے فروخت کرتا تھا جس کے 6بچے یتیم ہو گئے۔ اس کی سوشل میڈیا پر فوٹوزبھی وائرل ہوگئے تھے، پولیس کا کہناہے کہ اس کیس میں بھی تاحال ورثاءنے کسی پر دعویداری نہیں کی،پولیس کی تفتیشی ٹیموں نے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج ودیگر شواہد پر کام کیا لیکن تاحال پولیس کو کوئی کامیابی نہیں ملی۔
پشاور سے مزید