پشاور(جنگ نیوز)سابق گورنر حاجی غلام علی نے کہا ہے کہ دنیا کے بیشتر ممالک میں شہریوں کے لیے صحت سہولیات بالکل مفت فراہم کی جاتی ہیں، اور یہ شہریوں کے بنیادی حقوق میں شامل ہے، خیبرپختونخوا بالخصوص پشاور میں فری میڈیکل کیمپس کا انعقاد کرنے والے اور شہریوں کو کم داموں یا مفت صحت سہولیات فراہم کرنے والے لوگ یقینی طور پر قابل ستائش ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز نشتر آباد میں مدینہ میڈیکل سنٹر کے فری میڈیکل کیمپ کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ نشتر آباد میں عوامی فلاح و بہبود کے ایک قابلِ تحسین اقدام کے تحت مدینہ میڈیکل سنٹر میں فری میڈیکل کیمپ کا باقاعدہ افتتاح سابق گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی نے کیا۔ اس فلاحی اور عوام دوست اقدام کا اہتمام مدینہ میڈیکل سنٹر کے اونر و چیئرمین اسفندیار خان نے کیا، جس میں علاقے کے معززین اور عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ فری میڈیکل کیمپ کے دوران جنرل میڈیسن سمیت مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے ماہر اور تجربہ کار ڈاکٹروں ڈاکٹر اجمل، ڈاکٹر خالد، ڈاکٹر صویرہ، ڈاکٹر عاصف اور ڈاکٹر سلمان نے مریضوں کا تفصیلی طبی معائنہ کیا۔ کیمپ میں آنے والے تمام مریضوں کو مفت طبی سہولیات فراہم کی گئیں، جن میں چیک اپ، ضروری ادویات اور بوقتِ ضرورت مختلف طبی ٹیسٹ بلا معاوضہ شامل تھے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سابق گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی نے مدینہ میڈیکل سنٹر کی انتظامیہ کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ“دکھی انسانیت کی خدمت ایک عظیم قومی اور انسانی فریضہ ہے۔ مدینہ میڈیکل سنٹر کی جانب سے فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد قابلِ تقلید عمل ہے جو معاشرے کے پسے ہوئے طبقات کے لیے امید کی کرن ہے۔ ایسے فلاحی اقدامات ریاست اور معاشرے کے درمیان اعتماد کو مضبوط بناتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسفندیار خان اور ان کی ٹیم نے جس جذبۂ خدمت کے تحت یہ کیمپ منعقد کیا، وہ قابلِ ستائش ہے اور دیگر اداروں کے لیے بھی ایک روشن مثال ہے۔ آخر میں علاقہ مکینوں اور سماجی حلقوں نے مدینہ میڈیکل سنٹر کی انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ اس نوعیت کے فری میڈیکل کیمپس کا انعقاد مستقبل میں بھی تسلسل کے ساتھ جاری رکھا جائے تاکہ عوام کو ان کی دہلیز پر صحت کی سہولیات میسر آ سکیں۔