پشاور(جنگ نیوز) سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے زیر اہتمام مسیحی برادری کے مذہبی تہوار کرسمس کے موقع پر ٹریفک ہیڈ کوارٹرز گلبہار میں ٹریفک پولیس میں ڈیوٹی انجام دینے والے مسیحی برادری کیلئے ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں چیف ٹریفک آفیسر ڈاکٹر زاہد اللہ سمیت دیگر افسران اور ٹریفک وارڈنز نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ تقریب کے دوران چیف ٹریفک آفیسر ڈاکٹر زاہد اللہ اور مسیحی برادری نے کرسمس کا کیک کاٹا اور ان میں کرسمس کی مناسبت سے تحائف اور کرسمس کے کیک تقسیم کئے اور کہا کہ کرسمس کے موقع پر ٹریفک کی بلا تعطل روانی کیلئے عبادتگاہوں کے اطراف پر اضافی ٹریفک پولیس کے اہلکاروں کو تعینات کیا جائیگا تاکہ انہیں کسی قسم کے مشکلات نہ ہوں اور احسن طریقے سے وہ اپنے مذہبی رسومات ادا کریں۔ انہوں نے ٹریفک حکام کو ہدایت کی کہ وہ کرسمس کے لئے جاری کردہ ٹریفک پلان کے تحت چرچز کو جانیوالی راستوں کو ٹریفک کیلئے کلیئر رکھیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسیحی برادری کا ملک اور سرکاری اداروں کی ترقی میں کلیدی کردار ہے جن کی خدمت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔