پشاور(نیوز رپورٹر)چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحیٰی آفریدی کے ویژن کے مطابق عدالتی نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے بنچ اور بار کو ایکسس ٹو جسٹس اینڈ ڈیویلپمنٹ کے تحت جدید سہولیات فراہم کی جارہی ہیں اس سلسلے میں تحصیل کورٹس پبی اور تحصیل بار پبی میں ای لائیبریری کا قیام عمل میں لایا گیا ۔ ای لائیبریری کے قیام کے ساتھ تحصیل بار پبی کو جدید کمپیوٹر ، پرنٹرز، سکینرز ، ایل ای ڈی ، سٹیشنری اور واٹر ڈسپنسر بھی فراہم کئے گئے ہیں تاکہ وکلاء اور سائلین کو تحقیق اور مطالعہ کے لئے جدید اورآرام دہ ماحول میسر آ سکے اس کے ساتھ تحصیل کورٹس پبی اور تحصیل بار پبی کو اے جی ڈی ایف کی مد میں 6 کے وی اے کی سولر آئزیشن بھی نصب کی گئی۔ گزشتہ روز ریزیڈنٹ ایڈیشنل سکرٹری لاء اینڈ جسٹس کمیشن آف پاکستان عمران اللہ ضلعی عدلیہ نوشہرہ کا دورہ کیا بار ایسوسی ایشن کے ممبران سے ملاقات کی ۔ کابینہ کے ممبران نے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن نوشہرہ محمد آصف خان کی طرف سے اب تک فراہم کی گئ سہولیات اور اس سلسلے میں کی گئی کاوشوں کو سراہا ۔ صدر بار ایسوسی ایشن نے ان کے ذاتی دلچسپی اور رہنمائی کا شکریہ ادا کیا ۔ مزید برآں انہوں نے سائلین اور وکلاء کے مسائل کی نشاندہی کی ۔ عمران اللہ نے بتایا کہ ضلعی عدلیہ نوشہرہ میں صاف پانی کی فراہمی کے لئے واٹر فلٹریشن پلانٹ اور توانائی کے متبادل ذرائع کے طور پر سولر ائزیشن جیسے منصوبے جلد شروع کئے جائیں گے ۔ اجلاس میں اس امر پر زور دیا گیا کہ عوام کو موثر قانونی معاونت فراہم کرنے کے لئے ڈسٹرکٹ لیگل ایمپاورمنٹ کمیٹی (ڈی ایل ای سی) کو مناسب فنڈز مہیا کئے جائیں گے تا کہ غریب عوام کے لئے انصاف کی ترسیل آسان بنائی جا سکے ۔ اسی طرح اجلاس میں یہ امر بھی زیر بحث لایا گیا کہ نوجوان وکلاء اور ججز کو تحقیقی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے اے جی ڈی ایف کے تحت خاطر خواہ فنڈز کی دستیابی یقینی بنائی جا رہی ہے تا کہ معیاری قانونی تحقیق کو میسر طور پر عملی شکل دی جا سکے ۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نوشہرہ محمد آصف خان نے اس موقع پر یقین دہانی کرائی کہ چیف جسٹس آف پاکستان یحیٰی آفریدی اور چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ سید محمد عتیق شاہ کی ہدایات کے مطابق سائلین ، وکلاء اور ججز کو تمام تر سہولیات مہیا کی جائیں گی اور قانونی نظام جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لئے ہر ممکن کوشش کی جائیگی۔