پشاور (خصوصی نامہ نگار) ڈائریکٹوریٹ آف ہائر ایجوکیشن خیبرپختونخوا کے زیرِ اہتمام پشاور زون انٹر کالجز فٹبال ٹورنامنٹ گورنمنٹ گرلز کالج فرنٹیئر کالج برائے خواتین میں شروع ہوگیا، وائس پرنسپل فرنٹیئر کالج ہادیہ سعید نے افتتاح کیا۔افتتاحی تقریب میں ڈائریکٹریس سپورٹس ٹورنامنٹ فرنٹیئر کالج گل صنوبر اخلاص، ڈائریکٹر سپورٹس سٹی گرلز کالج گلبہار نجمہ قاضی، باچا خان کالج کی آفشین، کوچز اور آفیشلز نے شرکت کی۔ پہلا میچ گورنمنٹ گرلز کالج باچا خان اور زریاب کالج کے درمیان کھیلا گیا جس میں گورنمنٹ گرلز کالج باچا خان نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے زریاب کالج کودو صفر سے شکست دی۔دوسرا میچ فرنٹیئر کالج اور نحقی کالج کے درمیان کھیلا گیا، جس میں فرنٹیئر کالج نے یکطرفہ مقابلے کے بعدچار صفر سے کامیابی حاصل کی۔ ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل اور فائنل میچ آج کھیلے جائیں گے۔