مذہبی تنظیمیں اس مہنگائی میں لوگوں کی مدد کریں، ڈاکٹر جاوید بشیر

May 21, 2022

بریڈفورڈ (محمد رجاسب مغل ) کیتھلے سے تعلق رکھنے والی معروف سماجی شخصیت ڈاکٹر جاوید بشیر جوبریڈفورڈ کونسل میں بچوں کی سیف گارڈنگ کے مشیر بھی ہیں، نے مذہبی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ بریڈفورڈ میں کساد بازاری کی وجہ سے ان لوگوں کی مدد کے لیے مزید کام کریں جو اس وقت مالی بحران سے متاثر ہورہے ہیں، انہوں نے کہا کہ یوکرین پر روس کے حملے، کوویڈ 19 اور بریگزٹ نے لوگوں کوانتہائی غربت میں دھکیلنے میں اہم کردار ادا کیا ہے، لگ بھگ 50 بر س میں لوگوں کو اس پیمانے پر اتنی لاگت کا سامنا نہیں ہوا جتنی اب بحرانی کیفیت ہے، توانائی کے بل اور خوراک کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں، انہوں نے کہا کہ چونکہ مذہبی تنظیمیں اکثر اپنی کمیونٹیز میں تاریخی طور پر غریبوں کو ریلیف فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں، وہ برطانیہ کے لوگوں کی مدد میں بھی ایک اہم کردار ادا کرسکتی ہیں اور مقامی کمیونٹیز میں ان کے وسیع نیٹ ورک اور رابطوں کی وجہ سے وہ مؤثر اور حساس طریقےسے مدد کرنے کے قابل ہیں، خیراتی ادارے جو عام طور پر بین الاقوامی سطح پر کام کرتے ہیں، اب انہیں گھرکے قریب کمیونٹیز کی مدد کے لیے اپنے ارد گرد دیکھنے کی ضرورت ہے، انہوں نے کہا کہ بریڈ فورڈ میں مذہبی تنظیمیں خود بھی اس کے اثرات محسوس کر رہی ہیں، بریڈ فورڈ میں بچوں اور پنشنرز کی غربت کی شرح سب سے زیادہ ہے، بہت سے گھرانوں کو ان کے معیار زندگی میں کمی کا سامنا کرنا پڑے گا کیونکہ اجرتیں بڑھتےہوئے اخراجات کے ساتھ رفتار برقرار رکھنے میں ناکام ہو رہی ہیں۔ مسیحی برادری کے ناتھن جاوید کا کہناتھا کہ عبادت گاہوں کا کمیونٹیز میں اہم کردار ہوتا ہے انہیں عبادات کے ساتھ کمیونٹیز کے مسائل کے حل کےلیے اپنا کردار ادا کرنا چاہئے ۔