برطانیہ میں پاکستان کی سیاست نہ کی جائے، سعید مغل

May 23, 2022

برمنگھم (پ ر) برطانیہ کے لوکل الیکشن میں ہر شہر سے مسلمان کونسلرز کی کامیابی نے ثابت کردیا ہے کہ یہاں رہ کر یہاں کی سیاست سے مسائل کے حل ہونے میں مدد ملے گی۔ ان خیالات کا اظہارلیبر پارٹی کے سینئر ممبر محمد سعید مغل ایم بی ای نے اپنی رہائشگاہ پر رہنمائوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا یہاں رہ کر یہاں کی سیاست سے آزاد کشمیر کے مسئلے کوبھی تقویت ملے گی اور پاکستان میں مسائل حل کروانے میں آسانیاں ہوں گی۔ سعید مغل ایم بی ای نے کہا کہ موجودہ وقت میں پاکستان کی سیاست کو برطانیہ لانا کمیونٹی کو تقسیم اور آپس میں نفرت کی فضا میں اضافہ کے مترادف ہے جس سے نہ یہاں کمیونٹی کو فائدہ ہے اور نہ پاکستان کی خدمت ہو سکے گی۔ پاکستانی سیاستدانوں کا حال آپ کے سامنے ہے وہ ایک دوسرے کو گالیاں اور الزام تراشیوں کے سوا کچھ نہیں کر رہے، ان کی سیاست کو یہاں لا کر یہاں کاماحول خراب ہوا ہے کیونکہ وہ انتشار پیدا کر کے اپنا مفاد حل کرتے ہیں اور کمیونٹی کو بیوقوف بنا کر اپنامطلب نکالتے ہیں۔ انہوں نے کہاحالیہ لوکل الیکشن میں کامیاب ہونے والے کونسلرز کو مبارکباد پیش کرتا ہوں اور ان سے درخواست کرتا ہوں پاکستانی سیاست سے دور رہیں، یہاں کمیونٹی کی خدمت کریں اور ان کے مسائل حل کریں اس سے آپ کی عزت میں اضافہ ہو گا اور پاکستان کا نام بھی روشن ہو گاجب ہم یہاں مستقل آباد ہو گئے ہیں تو سیاست یہاں کی کریں۔