برطانیہ میں اومی کرون ویرئینٹ کی ایک اور ذیلی قسم سامنے آگئی

May 24, 2022

لندن(نیوز ڈیسک)برطانیہ میں اومیکرون ویریئنٹ کی نئی ذیلی قسم دریافت ہوئی ہے۔عالمی ادارہ صحت نے خبردار کیا ہے کہ اس ویریئنٹ میں مزید تبدیلی دیکھی گئی ہے جس کی وجہ سے اس میں منتقلی کی صلاحیت زیادہ ہو سکتی ہے۔XE ویریئنٹ اومی کرونBA.1 اورBA.2 ویریئنٹس کی جینیاتی خصوصیات کو ملاتا ہے جس کو ’’ recombinant‘‘ کے نام سے جانا جاتا ہے۔عالمی ادارہ صحت کی جانب سے جاری ہونے والی رپورٹ میں بتایا گیا کہ XE recombinant پہلی بار برطانیہ میں 19جنوری کو سامنے آیا تھا اور ابتدائی ٹیسٹ سے معلوم ہوا تھا کہ یہ منتقلی کے زیادہ قابل ہو سکتا ہے۔برطانیہ کے قومی شماریات کے ادارے کے مطابق گزشتہ ہفتے کے آخر تک برطانیہ میں کوویڈ19 سے 49 لاکھ افراد متاثر ہوئے جو عالمی وباء کے دوران ایک ریکارڈ ہے،انفیکشن کے کیسز میں اضافے کا سبب دو وجوہات کو سمجھا جا رہا ہے، ایک وجہ کوویڈ پابندیوں کی نرمی کے بعد لوگوں کا آپس میں ملنا جلنا ہے اور دوسری وجہ اومی کرون BA.2 کا ذیلی ویریئنٹ ہے۔