بلجیم میں پبلک ٹرانسپورٹ میں فیس ماسک کی پابندی ختم کردی گئی

May 24, 2022

برسلز( حافظ اُنیب راشد ) بلجیم کی پبلک ٹرانسپورٹ میں شہریوں پرفیس ماسک کی پابندی ختم کردی گئی ہے۔ اس فیصلے کا اعلان حکومت کی جانب سے کیا گیا ہے۔ کورونا وائرس کے پھیلائو کو روکنے کیلئے وزیر اعظم ڈی کروو کی قیادت میں مختلف پابندیوں کا فیصلہ کرنے والی حکومتی کنسلٹیٹیو کمیٹی کے مطابق ملک میں کورونا کی صورتحال کافی تسلی بخش ہوگئی ہے۔ اس لیے یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ اب پبلک ٹرانسپورٹ میں شہری ماسک کے بغیر بھی سفر کر سکیں گے۔ یہ فیصلہ پیر سے نافذ العمل ہوگیا ہے ۔ اس کے ساتھ ہی پبلک ٹرانسپورٹ میں سوار ہونے کیلئے مسافر اب ڈرائیور کے نزدیک موجود اگلا دروازہ بھی استعمال کر سکیں گے۔ یہ دروازہ بھی ڈرائیور کو مسافروں کے لمس سے تحفظ دینے کیلئے بند کردیا گیا تھا۔ حکومت کی جانب سے شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اب بھی بزرگوں کے ڈے کئیر سینٹرز ، اور ڈاکٹروں کے پاس جاتے ہوئے احتیاط کریں اور فیس ماسک پہن کر ہی رکھیں۔