پیوٹن نے ’تکنیکی خودمختاری‘ کا مطالبہ کردیا

May 24, 2022

ماسکو (نیوز ڈیسک) روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے ’تکنیکی خودمختاری‘ کا یہ کہتے ہوئے مطالبہ کردیا کہ جب سے ماسکو نے یوکرین میں فوج بھیجی ہے روس کو متعدد سائبر حملوں کا نشانہ بنایا جاچکا ہے۔ پیوٹن نے روس کی سلامتی کونسل کے اجلاس کے دوران کہا کہ فروری میں یوکرین میں ماسکو کی فوجی مہم کے آغاز کے بعد سے پیچیدہ حملوں سمیت سائبر حملوں کی تعداد میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے۔ پیوٹن نے مزید کہا کہ حملے مختلف ممالک سے ہورہے ہیں لیکن ’واضح طور پر مربوط‘ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان حملوں میں روس کے ’اہم معلومات کے بنیادی ڈھانچے‘ سمیت میڈیا، مالیاتی ادارے اور حکومتی پورٹل کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ پیوٹن نے کہا کہ روس کو غیر ملکی پروگراموں، کمپیوٹر ٹیکنالوجی اور ٹیلی کمیونیکیشن آلات کے استعمال سے منسلک خطرات کو یکسر کم کرنے کی ضرورت ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہماری تکنیکی خودمختاری کو مضبوط بنانے کے لیے حکومت کو کم سے کم وقت میں ایک جدید روسی الیکٹرانک اجزاء کی بنیاد بنانے کی ضرورت ہے۔