طوبیٰ کی ڈیبیو پر 3 وکٹیں، پہلا ٹی ٹوئنٹی پاکستان نے جیت لیا

May 25, 2022

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان خواتین کرکٹ ٹیم نے پہلے ٹی ٹوئنٹی انٹر نیشنل میں سری لنکا کو چھ وکٹ سے شکست دے دی۔ منگل کو طوبیٰ حسن ٹی20 ڈیبیو پر تین وکٹیں لینے والی پہلی پاکستانی بولر بن گئیں انہوں نے آٹھ رنز دے کر تین وکٹیں لیں ۔ انہیںپلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ پاکستان نے تین میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی دوسرا میچ جمعرات کو کھیلا جائے گا۔ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے سری لنکا نے 20اوورز میں 8وکٹ پر106رنز بنائے ۔ نیلکلشی ڈی سلوا اور ہرشیتھا مداوی نے 25، 25 رنزاسکورکیے۔ صرف چار بیٹرز ڈبل فیگر میں داخل ہوسکیں۔ انعم امین نے21رنز کے عوض تین اور ایمن انور نے32رنز کے عوض دو وکٹ حاصل کئے۔ پاکستان نے ہدف دس گیندیں پہلے عبور کر لیا۔ ندا ڈار نے27گیندوں پر36رنز دو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے بنائے۔ وہ آئوٹ نہیں ہوئیں۔ منیبہ علی نے18رنز بنائے۔ پہلا ٹی ٹوئنٹی کھیلنے والی گل فیروزہ کوئی رن نہیں بناسکیں۔ ارم جاوید نے18رنز کی اننگز کھیلی۔ کپتان بسمعہ معروف نے32 گیندوں پر28رنز بنائے۔