• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انڈر19 سیریز، پاکستانی شاہینوں نے افغان کو بھی قابو کرلیا

کراچی( اسٹاف رپورٹر )ہرارے میں تین ملکی انڈر 19کر کٹ سیریز میں پاکستانی ٹیم نے اپنی مہم کاآغاز فتح سے کیا، ایشیا کپ فائنل میں بھارت کوناکامی سے دوچار کرنے والی گرین شرٹ کے شاہینوں نے پہلے میچ میں افغان کھلاڑیوں کو بھی دبوچ لیا، وکٹ کیپر حمزہ ظہور کی نصف سنچری نے پاکستان انڈر19 کو افغانستان انڈر 19 کے خلاف ایک وکٹ کی ڈرامائی جیت سے ہمکنار کردیا۔حمزہ ظہور نے ناقابل شکست 68 رنز کی اننگز کھیل کر ایسے موقع پر اپنی ٹیم کو جیت سے ہمکنار کیا جب 201 کے اسکور پر 9 وکٹیں گرچکی تھیں۔ پاکستان انڈر 19نے ٹاس جیت کر افغانستان انڈر 19 کو بیٹنگ دی جو 50 اوورز میں 226 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔عثمان سعادت 75 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔عثمان خان نے 37 رنز دے کر4 وکٹیں حاصل کیں۔محمد صیام اور دانیال علی خان نے دو دو کھلاڑیوں کوآؤٹ کیا۔سمیر منہاس نے تین کیچز کیے۔جواب میں پاکستان انڈر 19 نے 9 وکٹوں پر230رنز بناکر مطلوبہ ہدف حاصل کرلیا۔ عثمان خان 20 اور علی حسن بلوچ 14 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، کپتان فرحان یوسف اور احمد حسین نے 89 رنز کی شراکت قائم کی۔ فرحان یوسف نے 6 چوکوں اور 2چھکوں کی مدد سے 65 رنز کی اننگز کھیلی۔ احمد حسین نے31 رنز بنائے، حمزہ ظہور نے ایک چھکے اور 8 چوکوں کی مدد سے68 رنز ناٹ آؤٹ کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی۔ آخری بیٹر نقاب شفیق نے 9 گیندوں پر ایک رن ناٹ آؤٹ کے ساتھ حمزہ کا پورا پورا ساتھ دیا۔سلام خان نے 44 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔وکٹ کیپر محبوب خان نے 4 کیچز اور ایک سٹمپڈ کیا۔پاکستان ٹیم اپنا دوسرا میچ پیر کو زمبابوے کے خلاف کھیلے گی۔