میٹرک بورڈ امتحانات میں 58 امیدوار نقل کرتے پکڑے گئے

May 25, 2022

کراچی(سید محمد عسکری) ثانوی تعلیمی بورڈ کے تحت سالانہ امتحانات جاری ہیں۔ امتحانی پرچوں کے دوران 58امیدوار نقل میں ملوث پائے گئے۔ اصل امیدوار کی جگہ جعلی افراد ، نقل کا مواد اور موبائل فون برآمد کرلئے گئے، چیئرمین بورڈ سید شرف علی شاہ نے منگل کے روز صبح کی شفٹ میں طبیعات نظری (پرچہ اول) کے امتحان کے دوران مختلف امتحانی مراکز کے دورے کئے جن میں سینٹ پال ہائی اسکول کیمپسA صدر اور ٹرینٹی میتھو ڈسٹ گرلز سیکنڈری اسکول فاطمہ جناح روڈ شامل تھے، اس موقع پر قائم مقام ناظم امتحانات عمران طارق اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔ انہوں نے امتحانی مراکز کے سینٹر سپرنٹنڈنٹ اور اساتذہ کی طرف سے کئے گئے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔بورڈ کے قائم مقام سیکریٹری سید محمد علی شائق اور ڈپٹی سیکریٹری ڈاکٹر نوید احمدنے اورنگی ٹاؤن کے مختلف امتحانی مراکز کے دورے کئے۔تفصیلات کے مطابق بورڈ کی سپر ویجیلینس ٹیم نے الحمد اسلامک سیکنڈری اسکول سے 4امیدواراور شاہین پبلک سیکنڈری اسکول اورنگی ٹاؤن سے 12 امیدواروں کو نقل کرتے ہوئے پکڑا۔بورڈ کی سپر ویجلینس ٹیم نے گورنمنٹ بوائز سیکنڈری اسکول سو کوارٹر سے 2امیدواروں سے نقل کا مواد اور موبائل فون برآمد، شمسی سوسائٹی ماڈل اسکول ملیر سے ویجیلنس ٹیم نے1امیدوار، گورنمنٹ بوائز سیکنڈری اسکول ناظم آباد سے ویجیلینس ٹیم نے 2امیدوار، رائل ایجوکیشنل گرامر اسکول سے ویجیلینس ٹیم نے 2امیدوار، گورنمنٹ بوائز سیکنڈری اسکول لیاقت آباد سے ویجیلینس ٹیم نے 5امیدوار، الفرقان سیکنڈری اسکول بلدیہ ٹاؤن سے ویجیلینس ٹیم نے 4افراد اصل امیداروں کی جگہ نقل کرتے ہوئے پکڑے گئے۔ شام کی شفٹ میں گورنمنٹ بوائز سیکنڈری اسکول اورنگی ٹاؤن سے ویجیلینس ٹیم نے 1افراد کو اصل امیدوار کی جگہ نقل کرتے ہوئے پکڑا۔ گزشتہ روز گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری اسکول مراد میمن کی سینٹر سپرنٹنڈنٹ نے نقل میں ملوث25طالبات کی رپورٹ بھی بورڈ کے شکایتی سیل میں درج کرائی۔