اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی )صدر مملکت آصف علی زرداری نے اسلامو فوبیا کے تدارک کے عالمی دن کے موقع پر پیغام میں کہا ہے کہ ہم دنیا بھر میں مسلمانوں کے خلاف نفرت، امتیاز اور عدم برداشت کے خلاف متحد کھڑے ہیں۔صدر نے دنیا بھر کی حکومتوں، سول سوسائٹی، میڈیا اور مذہبی رہنماؤں سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ تعصب کو مسترد کریں اور مکالمے اور قانونی ذرائع کے مطابق مل کر کام کریں، صدر نے کہاکہ پاکستان میں، ہم اس بات کو یقینی بناتے ہیں کہ غیر مسلم شہریوں کو سرکاری سہولیات، اسکولوں اور ملازمتوں تک بغیر کسی رکاوٹ کے رسائی حاصل ہوجبکہ وزیر اعظم شہباز شریف نےاسلامو فوبیا کے تدارک کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان اسلامو فوبیا پر مبنی تمام طرزعمل اسکی تمام صورتوں کی مذمت کرتا ہے،اسلام کو انتہا پسند خیالات سے منسوب کرنا صریحاً لاعلمی ہے۔ پاکستان نے تمام بین الاقوامی فورمز پر ہمیشہ ذمہ دارانہ انداز میں اسلامو فوبیا کے خلاف آواز بلند کی ہے۔ اسلامی تعلیمات کے عین مطابق اور بین الاقوامی قوانین کی نظر میں تمام انسان مساوی حقوق رکھتے ہیں۔ صدر نے کہاکہ یہ دن کرائسٹ چرچ کے اس المناک واقعے کی بھی یاد دلاتا ہے جس نے انسانیت کے ضمیر کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا تھا۔