صحت کا عالمی فنڈ، ایڈز، ملیریا اور ٹی بی کیخلاف 6 ارب ڈالر جمع

May 25, 2022

کراچی (نیوزڈیسک )صحت کے ایک عالمی فنڈ نے کورونا وائرس کی عالمی وبا کے باعث ایڈز، ملیریا اور تپ دق کے مہلک امراض کے خاتمے کی کوششوں کو پہنچنے والے نقصان کے ازالے کیلئے 6ارب ڈالر کی رقم جمع کر لی ہے۔گلوبل فنڈ ٹو فائٹ ایڈز، ٹیوبرکولائسس (ٹی بی) اینڈ ملیریا کی جانب سے عالمی اقتصادی فورم کے سوئس شہر ڈاووس میں اجلاس کے موقع پر نجی شعبے کی طرف سے رقوم مہیا کرنے کے وعدوں کا اعلان کیا گیا جو کہ کل ہدف کا ایک تہائی حصہ ہے۔امریکی ادارے کامک ریلیف نے 10 ملین ڈالر دینے کا اعلان کیا ہے جبکہ بل ایند میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کی جانب سے 30 ملین ڈالر امداد دینے کا وعدہ کیا گیا ہے۔امریکی صدر جو بائیڈن اس سلسلےمیں ایک کانفرنس کی میزبانی بھی کریں گے اور وہ پہلے ہی اس فنڈ کے لیے6 ارب ڈالر کی رقم مہیا کرنے کا عندیہ دے چکے ہیں۔ صحت کے اس عالمی فنڈ کے سربراہ پیڑ سینڈز کے مطابق کووڈ انیس کی عالمی وبا نے ایڈز، ٹی بی اور ملیریا کے جان لیوا امراض کے معائنے اور علاج کی کوششوں کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ اس فنڈ نے 2019 میں 14 ارب ڈالر کی امدادی رقم کا ہدف حاصل کیا تھا لیکن پھر کورونا کی عالمی وبا کے باعث عطیات کی رقم مہیا کرنیوالوں کے رجحان میں بڑی تبدیلی دیکھی گئی۔