شان مسعود انگلش کاؤنٹی ڈربی شائر ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ کیلئے کپتان مقرر

May 26, 2022

لندن(عمران منور) پاکستان کرکٹ ٹیم کے ٹاپ آرڈر بیٹر شان مسعود کو انگلش کاؤنٹی ڈربی شائر نے ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ کے لیے کپتان مقرر کردیا ہے۔ شان مسعود انگلش ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں کپتانی کرنے والے دوسرے پاکستانی ہوں گے۔ اس سے قبل وسیم اکرم ہیمپشائر کی ایک میچ میں قیادت کرچکے ہیں۔شان مسعود نے اس سیزن میں ڈربی شائر کے ساتھ معاہدہ کیا تھا اور ریڈ بال کرکٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 9 اننگز میں 844رنز بنائے جن میں 2ڈبل سنچریاں بھی شامل ہیں۔ڈربی شائر کے کوچ مکی آرتھر کا کہنا ہے کہ اسکواڈ میں شان کی بہت عزت کی جاتی ہے اور پلیئر اس کو سپورٹ بھی کرتے ہیں۔شان مسعود پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں ملتان سلطانز، قومی ڈومیسٹک سیزن میں سدرن پنجاب اور کشمیر پریمیئر لیگ (کے پی ایل) میں باغ اسٹالینز کے کپتان بھی ر ہے ہیں۔شان مسعود نے کہاکہ کرکٹ میں تسلسل بڑی اہمیت رکھتی ہے۔ انھوںنے کہاکہ انھوں نے مکی آرتھر کی وجہ سے ڈربی شائر کا انتخاب کیا،وہ ٹی 20 بلاسٹ ٹورنامنٹ میں برمنگھم کے خلاف ڈربی شائر فالکن کی قیادت کریں گے ،اس سے قبل دی نیوز سے ایک خصوصی انٹرویو میں انھوں نے کہاکہ وہ طویل عرصے تک کائونٹی کرکٹ کھیلنا چاہتے ہیں کیونکہ اس کا معیار بہت بلند ہے ۔انھوں نے کہا کہ بیٹسمین کیلئے انگلش شرائط ہمیشہ بہت سخت رہی ہیں خواہ وہ ریڈ بال کرکٹ ہو یا وہائٹ بال کرکٹ، خاص طورپر اس وقت جبکہ انگلش ٹیم وہائٹ بال میں سر فہرست ہے ،انھوں نے کہا کہ میں جب بھی میدان میں اتروں گا میں ہر بال میرٹ پر کھیلنے کی کوشش کروں گا ،اپنی اننگ کاآغاز چھوٹے قدموں سے شروع کروں، پاکستان کے سابق کوچ مکی آرتھر کے ساتھ اپنے تعلقات کے بارے میں انھوں نے کہا کہ ان ہی کی وجہ سے میں ڈربی شائر میں شمولیت اختیار کی ہے ،مجھے امید ہے کہ وہ میری ابھی تک کی پرفارمنس سے خوش ہوں گے میں اپنی کارکردگی اور بھی بہتر کرنے کی کوشش کروں گا۔انھوں نے کہا کہ آرتھرنے مجھ پر اعتماد کیا اور میں انھیں مطلوبہ نتائج دئے انھوں نے کہا کہ پاکستان کے سابق کوچ نے مجھے اپنا کھیل بہتر بنانے کیلئے تبدیلیاں کرنے بہت سی بڑی چیزیں بتائیں،انھوں نے کہا کہ بعض باتوں پر تبادلہ خیال کے دوران ہمارے درمیان گرماگرمی بھی ہوجاتی ہے ،انھوں نے کہا کہ ملتان سلطانز کیلئے اینڈی فلاور کے ساتھ کھیلتے ہوئے میں نے اپنے کھیل میں بہتری کی انھوں نے کہا کہ ہر ایک کا اپنا خیال ہے لیکن میں ایسی باتوں پر دھیان نہیں دیتا۔انھوں نے کہا کہ میں اپنی حدود کو سمجھتاہوں اور یہ بھی مجھے معلوم ہے کہ میں ان سے کہاں تک تجاوز کرسکتاہوں ۔ڈومیسٹک کرکٹ کے بارے میں انھوںنے بات کرتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی ٹیسٹ کرکٹر کسی بھی فارمیٹ میں پرفارم کرسکتاہے ،ہمارے پاس کپتان بابر اعظم اور وکٹ کیپرمحمد رضوان کی مثالیں ہمارے سامنے ہیں جو بین الاقوامی سطح پر تینوں فارمیٹ میں پرفارم شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا جو کہ آسان کام نہیں ہے ،شان نے کہا کہ وہ مختلف فارمیٹ میں آسانی سے ایڈجسٹ کرسکتے ہیں ۔آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے علیحدہ کئے جانے کے بارے میں انھوں نے کہا کہ میں اس سے مایوس نہیں ہوا اور میں اپنے کھیل میں مزید بہتری لائوں گا،جب ان سے سوال کیاگیاکہ کیا وہ کسی بھی پوزیشن میں کھیلنے کو تیار ہیں انھوںنے کہا کہ میرے لئے اہم بات پاکستان کیلئے کھیلنا ہے،اور اس کا فیصلہ ٹیم منیجمنٹ سیلیکٹرز اور کپتان کرے گا،میں ٹیم کیلئے کسی بھی پوزیشن کیلئے کھیلنے کو تیار ہوں۔اس سوال پر کہ کیا وہ قومی اسکواڈ میں واپسی کیلئے تیار ہیں انھوں نے کہا کہ یہ میرے لئے ایک اعزاز ہوگا انھوںنے کہا کہ مستقبل میں ایک بڑی سطح کی کرکٹ آرہی ہے اور اپنے ملک کی نمائندگی سے بہتر کوئی چیز نہیں ہوسکتی اور اگر ایسانہیں ہوتا تو پھر میں اپنے چانس کا صبر کے ساتھ انتظار کروں گا۔انھوں نے کہا کہ میری ہمشیرہ کے وفات نے مجھے بہت کچھ سکھا دیا ہے ،سب سے بڑی بات میں نے یہ سیکھی کہ کرکٹ ایک کھیل ہے ہمیں اس کھیل کا لطف اٹھانا چاہئے کہ لیکن اسے ذہن پر سوار نہیں کرنا چاہئے۔انھوں نے کہا کہ میں انگلینڈ کیلئے کھیلنے پر اللہ کا شکر اداکرتاہوں جہاں سے کرکٹ شروع ہوئی ہے ۔اپریل میں شان نے 713 رنز بناکر کائونٹی چمپئن شپ میں ایک نیا ریکارڈ قائم کیاتھا اور انھیں ان کی اس کارکردگی پر پروفیشنل کرکٹرز ایسوسی ایشن کی جانب سے اپریل کیلئے پلیئر آف دی منتھ کاایوارڈ دیاگیا تھا۔بائیں ہاتھ سے کھیلنے والے شان مسعود نے کائونٹی چمپئن شپ کے پہلے رائونڈ کے اختتام پر6 میچوں میں 844 رنز بنائے ہیں۔شان اس وقت سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑیوں میں دوسرے نمبر پر ہیں۔انھوں نے اب تک 2 ڈبل سنچریاں ایک سنچری اور 3 ففٹیز بنائے ہیں ،ان کا سب سے کم اسکور ناٹنگھم شائر کے خلاف گیم میں تھاجس میں انھوں نے 18 رنز بنائے تھے۔شان نے2013 میں پاکستان کیلئے کھیلنا شروع کیاتھا انھوں پاکستان کی جانب سے 25 ٹیسٹ کھیلے ہیں اور ان میں 1378 رنز بنائے انھوں نے 5 ون ڈے انٹرنیشنل کھیلے ہیں انھوں نے جنوری 2021 میں پاکستان کی جانب سے نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں حصہ لیاتھا لیکن اس کے بعد ان کے فارم میں کمی آجانے کی وجہ سے انھیں ڈراپ کردیا گیاتھا۔