بائیڈن بی ٹی ایس کے مداح نکلے، وائٹ ہاؤس میں مدعو کرلیا

May 26, 2022

فوٹو: سوشل میڈیا

اگلے ہفتے وائٹ ہاؤس میں منعقدہ ایک تقریب میں امریکی صدر جوبائیڈن معروف کورین پاپ بینڈ بی ٹی ایس کی میزبانی کریں گے۔

غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق بی ٹی ایس بینڈ کے اراکین جو بائیڈن سے ملاقات کریں گے۔

خیال رہے کہ امریکی صدر نے کچھ عرصے قبل کہا تھا کہ وہ بھی بی ٹی ایس کے مداح ہیں۔

اس سے قبل خاتون اول جل بائیڈن نے گلوکارہ سلینا گومز کو وائٹ ہاؤس مدعو کیا تھا جبکہ صدر بائیڈن نے ’جونز برادرز‘ (پاپ بینڈ) کے ساتھ ویکسینز کی افادیت سے متعلق ویڈیو بھی بنائی تھی۔

چند روز قبل جنوبی کوریا کے صدر سے ملاقات میں بائیڈن نے کہا تھا کہ کورین موسیقی کے مداح ہر جگہ پر موجود ہیں۔

بی ٹی ایس گلوکاری کے ساتھ ساتھ سماجی مسائل پر بھی آواز بلند کر رہا ہے، حال ہی میں بینڈ نے یونیسیف کی ایک مہم میں شمولیت اختیار کی ہے۔

علاوہ ازیں کورین پاپ بینڈ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں بھی پرفارم کرچکا ہے۔

وائٹ ہاؤس سے جاری کردہ بیان کے مطابق 31 مئی کو بی ٹی ایس اور صدر بائیڈن کی ملاقات ہوگی۔

اس ملاقات میں ایشیائی باشندوں کے خلاف نفرت انگیز جرائم اور امتیازی سلوک کی روک تھام سے متعلق بات چیت کی جائے گی۔