نائف کرائم روکنے کیلئے آپریشن Sceptre، ہزاروں چاقو ضبط، 2000 افراد گرفتار

May 27, 2022

لندن (پی اے ) نائف کرائم روکنے کیلئےانگلینڈ اور ویلز میں آپریشنSceptreکے دوران پولیس نے ہزاروں چاقو ضبط کرنے اور1,947افراد کوگرفتار کرنے کا دعویٰ کیاہے،جن میں نائف کرائم سے متعلق831افراد بھی شامل ہیں پولیس کے سربراہوں کا کہنا ہے کہ اس آپریشن میں برٹش ٹرانسپورٹ پولیس سمیت ملک کی 43 فورسز نے حصہ لیا۔آپریشن کے دوران سڑکوں سے چاقوئوں کا خاتمہ کرنے کیلئے مختلف حکمت عملیاں اپنائی گئیں جن میں آنسٹی بن ،نائف آرچز اور اسلحہ کا صفایا شامل تھا،افسران کا کہناہے کہ انھوں نے1,074چاقو ضبط کئے جبکہ 8,401چاقو لوگوں نے رضاکارانہ طور پر حوالے کردئے یہ تعداد 2021 میں کئے گئے اسی طرح کے آپریشن میں ضبط کئے گئے چاقو سے 14 فیصد زیادہ ہے۔نیشنل پولیس چیفس کونسل کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق پولیس نے جیل خانے کی پولیس کے ساتھ مل کر قیدیوں کی کوٹھریوں کی بھی تلاشی لی اس دوران ملک کے 8جیل خانوں کی100کوٹھریوں کے131قیدیوں کی تلاشی لی گئی،قیدیوں کی کوٹھریوں کی تلاشی کے دوران 29 اسلحہ برآمد کئے گئے جن میں ٹوتھ برش اور دیگر اشیا میں فکس کئے گئے ریزر شامل تھے قیدیوں کے پاس سے برآمد ہونے والے دیگر اسلحہ میں تلواریں،شکاری چاقو اور کلھاڑیاں شامل تھیں۔پولیس نے اس کے علاوہ تعلیم اور نوجوانوں کی شراکت کے 966ایونٹس کااہتمام کیا اور 1,917 اسکولوں کا دورہ کیا۔ڈپٹی کمشنر گراہام مک نلٹی نے بتایا کہ اس آپریشن میں حقیقی معنوں میں نائف کرائم کے خلاف کریک ڈائون کیا گیا۔انھوں نےکہاکہ آپریشن Sceptreکے ذریعہ سنگین پرتشدد جرائم جن میں چاقو استعمال کئےجاتے ہیں کے خلاف حقیقی کریک ڈائون کیا گیاہے اور اس کے نمایاں نتائج برآمد ہوئے ہیں، انھوںنے کہا کہ آپریشن کے ذریعہ یہ بات واضح ہوگئی کہ پولیس عوام کے تعاون سے نوجوانوں کو چاقو لے کر چلنے سے روکنے کیلئے مسلسل کوششیں کررہی ہے اس آپریشن کے دوران اسکولوں اور اعلیٰ سطح پر ہماری سرگرمیاں پہلے سے زیادہ رہیں۔انھوں نے کہاکہ نوجوانوںکو سمجھناچاہئےکہ چاقو لے کر چلناکسی مسئلے کاحل نہیں ہے اور اس سے ان کو وہ تحفظ حاصل نہیں ہوسکتا جووہ سمجھتے ہیں بلکہ یہ خود ان کیلئے بہت بڑا رسک ہے، جرائم ،پولیسنگ کے وزیر کٹ مالٹ ہائوس نے کہا کہ والدین کیلئے اس سے زیادہ خوفناک بات کیا ہوسکتی ہے کہ ان کا بچہ گھر میں نہ ہو۔انھوں نے کہا کہ ہم بچوں کو محفوظ رکھنے کیلئے دن رات کام کررہے اور اس طرح کے آپریشن سےہمیں اپنی سڑکیں محفوظ رکھنے میں مدد ملتی ہے میٹ پولیس کی جانب سے آپریشن کی قیادت کرنے والے چیف انسپکٹر راب رینس ٹیڈ نے کہا کہ لندن کو محفوظ ترین بنانا ان کی فورس کی ترجیح ہے ۔انھوں نے کہا کہ افسران سڑکوں پر اسلحہ لے کر آنے والوں کے خلاف ہر طرح کی کارروائی کرنے سے گریز نہیں کریں گے۔